اقبال کی ذاتی ڈائری"سڑے ریفلیکشنز"پر ایک نظر

اقبال کی ذاتی ڈائری

اقبال کی ذاتی ڈائری"سڑے ریفلیکشنز"پر ایک نظر

مصنف: محمد ذیشان دانش نومبر 2026

خود شناسی و خود اعتمادی ان میں عود چکی تھی،اہل مغرب کمر ہمت باندھ چکے تھے، ان کی کمندیں ستاروں کو تاک رہی تھیں ،ان کے جہاز دنیا کی مختلف بندرگاہوں پر لنگر انداز ہو چکے تھے- دنیا کو سرنگوں کرنا ، اپنی تجوریوں کو بھرنا اور اپنی سرحدوں کو وسیع سے وسیع تر کرنے کا عزم ان کا مقصد تھا - امریکہ سے افریقہ اور افریقہ سے برما تک ان کا طوطی بول رہا تھا - کٹھنائیوں سے بھر پور یہ سفر لگ بھگ تین صدیوں کا قصہ تھا کوئی لمحوں کی کہانی نہ تھی- کسی ایک کی فتح کسی دوسرے کی شکست کا خبرنامہ ہوتی ہے کسی کا عروج کسی کی داستان زوال کا اعلان - اہل مغرب کی سرحدوں کی وسعت باقی اقوام ، بالخصوص مسلم امہ مملکتوں کے سکڑنے کا اعلان تھا، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا سرحدوں کا پھیلنا، صرف طاقت کے بل بوتے پرہوتا ہے یا اس میں کچھ دیگر عناصر بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں - تو بلاشبہ صرف طاقت سے علاقوں کو تہہ تیغ کیا جاسکتا ہے ان پر حکمرانی کے اصول مختلف ہیں - غالب قوم اپنے انداز فکر، تہذیبی برتری ، علم و ہنر کے کمال ، نظام کا قیام ، اطلاق و نفاذ، کمزوریوں پر قابو پانے جیسے کئی اقدامات کو بروئے کار لا کر اپنے اقتدار کو طول دے دیتی ہے اور یہی اقدامات اہل یورپ نے کئے اور دنیا کو اپنی کالونی بنا لیا -

انیسویں صدی کی آخری چوتھائی کا آغاز تھا جب علامہ اقبال نے آنکھ کھولی ،انگریز برصغیر پاک و ہند پر اپنا پورا تسلط جما چکا تھا  اور مقامی اقوام میں ہندو ان کے بہت نزدیک اور 1857ء کے غدر کی وجہ سے مسلمان بے پناہ دُوری و معتوبی میں تھے - برصغیر میں مغل حکومت قصہ پارینہ بن چکی تھی تو سلطنت عثمانیہ بھی لگ بھگ 100برس سے اندرونی و بیرونی خلفشار کے باعث اپنا اثر و رسوخ کھو رہی تھی - مجموعی طور پر ایک زوال و پشیمانی کی کیفیت تھی- مغلوب قوموں کی نفسیاتی و فکری کشمکش کے احوال مسلمانان ہند کے مجموعی حالات کے عکس میں دیکھنے کو مل رہے تھے - اس شکستگی و تاریکی کے دور میں اک جگنو بلبل کو راہ دکھانے پر آمادہ تھا - بلا شبہ علامہ اقبال ان نادر و بابغہ روزگار شخصیات میں شامل ہیں جو حالات و افکار کو من و عن قبول کرنے کی بجائے حالات و واقعات کا بجا طور پر تجزیہ کرتے ہیں اور اپنی سوچ اور رائے رکھتے ہیں - اس سوچ ،فلسفے اور رائے کے اظہار کے لئے اقبال نے شاعری کو پسند کیا اور اس کے ذریعے اپنی آواز کو اہل وطن تک پہنچایا - اقبال اپنی شاعری کے بل پر زندہ ہیں اور دبستان اقبال کے خوشہ چین بھی اقبال کی شاعری کو پڑھتے ، سنتے ، سناتے اور اس میں موجود فلسفیانہ نکات، زبان کی چاشنی ، تصورات و پیغامات کو دوسروں تک پہنچاتے ہیں اور اپنی علمی تشنگی کو دور کرتے ہیں - علامہ کو شاعری میں زور قلم نصیب تھا لیکن علامہ کی نثر بھی ایک طغیانی دریا کو سمیٹے ہے- علم الاقتصاد تو ایک الگ پیرائے میں لکھی گئی لیکن اقبال کے خطبات بے نظیر ہیں - اسی سلسلے کی ایک کڑی اقبال کی ذاتی ڈائری ہے - جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ یہ اقبال کے ذاتی خیالات ہیں لیکن جن بہترین اور عمدہ اسلوب میں علامہ نے ان کو قلمبند کیا ہے وہ لائق ستائش ہیں - علامہ کی ڈائری میں 125 تاملات ہیں - یہ تاملات زبان کے اعتبار سے تو اعلیٰ ہیں ہی لیکن فکر و فلسفہ کے اعتبار سے بھی انتہائی وسیع اور گہرے مفاہیم کا ایک بیش بہا خزانہ ہیں- کہنے کو تو یہ بکھرے خیالات ہیں لیکن علامہ کی مربوط فکر کی اساس انہی تاملات پر ہے - یہ تقریبا ً1910 کے زمانے تک علامہ نے سپرد قلم کیے - ہندوستان میں قیام اور علامہ کا ذوق مطالعہ و شوقِ جستجو کو یورپ نے مزید انگیختہ کیا ، جس کے نتیجہ میں در نایاب گوہر نایاب بن گیا لیکن علامہ کی فکری جڑیں اپنی ملت سے وابستہ رہیں اور یورپ کی حشر سامانیاں و چکا چوند ان کی آنکھوں کو خیرہ نہ کرسکیں لیکن وہاں کے علمی ماحول نے صدائے لااِلٰہ دینے والے کے ذہن کو جلا ضرور بخشی - علامہ جب یورپ سے واپس آئے تو اس زمانے میں آپ نے اپنی ذاتی ڈائری لکھی - اقبال کی شاعری اور قوم کے شاعرانہ مزاج کے باعث علامہ کی یہ تصنیف تقریباً نظروں سے اوجھل ہے اور عوام اس کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے  اور اس بات سے بھی انکار ممکن نہیں کہ یہ کوئی مربوط فلسفیانہ کتاب نہیں ، لیکن بہرحال اس کی اہمیت دو چند ضرور ہے - یہ کتاب بظاہر غیر مربوط اور بکھری معلوم ہوتی ہے لیکن ان خیالات کا مطالعہ گہرائی سے کیا جائے تو علامہ کے فلسفے کی تفہیم میں یہ ایک نہایت مفید چیز نظر آتی ہے - یہ کتاب علامہ کے لئے ایک ’’ کسوٹی‘‘ہے جہاں وہ خیالات و فلسفے کو پرکھتے نظر آتے ہیں- ان 125 مختصر تاملات جن کی طوالت کہیں ایک صفحہ ، کہیں ایک پیرا اور کہیں تو فقط ایک سطر ہے،میں علامہ نے فن، علم، اخلاق، مذہب، خدا، تاریخ، سیاست، تعلیم، سائنس، جمہوریت، قومیت، طاقت، تکلیف، انسانی شخصیت اور تہذیب جیسے موضوعات پر بحث کی ہے اور مذہب، فلسفہ، سیاست، تاریخ، فن، نفسیات، تہذیب، انسانی شخصیت اور علم کے بارے میں اپنے خیالات و سوالات قلم بند کیے ہیں علامہ نے یہاں سوالات اٹھائے ہیں، نظریات کا تقابلی جائزہ لیا ہے، فلاسفہ کا تنقیدی مطالعہ کیا ہے، مذہب کے تصورات پر غور و فکر کیا ہے ، تہذیبوں کو ترازو پر تولا اور ان کا موازنہ کیا ہے، سیاست و ریاست کے مابین رشتے پر سوچا ہے اس کے مسائل پر عرق ریزی کی ہے، شاعری اور فن کی حقیقت کو سمجھنے کی سعی کی ہے ، انسانی نفسیات کا مطالعہ کیا ہے اور اس مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کی ہے کہ ’’انسانی زندگی کو بامعنی، بامقصد ، پر تخلیق اور روحانی استحکام کس چیز سے ملتا ہے ؟ لیکن بات انفرادیت پر ختم نہیں ہوئی اس فرد کا تعلق خدا سے ، معاشرے سے، کائنات سے کیا ہونا چاہیئے اور اپنے ماضی سے سیکھتے ہوئے مجموعی طور پر اپنے مستقبل کو تابناک کیسے بنانا ہے تک چلا جاتا ہے-

علامہ دیکھ رہے تھے کہ استعماری قوتوں نے اسلامی معاشروں اور ان کے نظام کو خاصا متاثر کیا ہے ، سائنس ، علم و فلسفہ نے روایتی علم و طریق و تصورات کو چیلنج کردیا ہے - مغربی نظام ریاست ، سیاست اور قوم پرستی کے جذبات پھیل رہے ہیں- اس موقع پر مسلمانوں کو اپنی نظریاتی اساس، تہذیبی و مذہبی شناخت کو کیسے محفوظ بنانا ہے اور جدید علوم و خیالات سے کنارہ کش بھی نہیں ہونا او ر نہ ہی اس کی اندھی تقلید کرنا ہے - علامہ ان دونوں کے مابین رہنا چاہتے تھے جس سے ترکیب قوم رسول ہاشمی (ﷺ) کی اساس سے بھی جڑے رہیں اور سیاسی طور پر مستحکم بھی ہوں - علامہ کی یہی سوچ بعد میں ہمیں ’’اسلامی فکر کی تشکیل نو‘‘ کی صورت میں ملتی ہے جو زیادہ منظم اور مربوط ہے-

کتاب میں ایک اہم موضوع مختلف فلاسفہ بھی ہیں- ارسطو، افلاطون، کانٹ، ہیگل، نطشے، گوئٹے، شیکسپیئر، اسپینوزا،  ورڈس ورتھ ملٹن، غالب، حافظ، بیدل جیسے مشرقی و مغربی فلاسفہ کا تقابلی جائزہ لیتے ہیں کہیں تعریف اور کہیں سوال اٹھاتے ہیں لیکن اندھی تقلید اور یکسر نظر انداز کر دینے کے قائل نہی - علامہ ان تمام فلاسفہ سے تنقیدی استفادہ کرتے نظر آتے ہیں اور یہی روش ہمیں بعد میں نظر آتی ہے- لیکن بعد میں یہ بات بھی اظہر من الشمس ہے کہ جب اقبال شمس کے رومی کو اپنا شمس بناتے ہیں تو آب و تاب کچھ اور ہو جاتی ہے - اقبال کے ہاں پوری زندگی اس طریق استفادہ کی بے شمار مثالیں ملتی ہیں جس کا چلن ہمیں اقبال کی اس کتاب میں نظر آتا ہے-

اقبال اس کتاب یا ڈائری میں موجود ایک تامل جس کا نمبر شمار دو ہے اور موضوع دریافت ہے میں کہتے ہیں کہ :

“Our Soul discovers itself when we come into contact with a great mind. It is not until I had realised the Infinitude of Goethe’s imagination that I discovered the narrow breadth of my own”.

’’ہماری روح کو اس وقت اپنا عرفان حاصل ہوتا ہے جب ہم مفکر سے روشناس ہوتے ہیں - جب تک میں گوئٹے کے تصورات کی لامتناہیت سے بے خبر تھا- اس وقت تک میں اپنی کم مائیگی پر مطلع نہ تھا ‘‘-

اقبال نے جس انداز میں گوئٹے کو خراج تحسین پیش کیا ہے یہ انداز بذات خود لائق تحسین ہے - کیا اقبال نے گوئٹے کے نظریات کو من و عن مانا ہے یا وہ ان نظریات سے اختلاف بھی رکھتے تھے، تو یقینا گوئٹے سے اختلاف کا عنصر ہمیں فکر اقبال میں بجا طور پر نظر آتا ہے لیکن اختلاف علمی ہے جو احتیاط و ادب کے دامن سے لپٹا ہے ، کہ بہر طور گوئٹے ایک بڑے مفکر ہیں - یہ علمی احترام اقبال کی گھٹی میں موجود تھا اسی لیے جب ارسطو کی بات کی جو کہ تامل نمبر 29 پر ہے تو کہتے ہیں کہ میرے دل میں ارسطو کی عزت بہت زیادہ ہے لیکن جس انداز میں وہ اپنے استاد افلاطون کی فکر سے اختلاف کرتا ہے وہ انداز مجھے ارسطو کی تعریف کرنے سے باز رکھتا ہے حالانکہ ارسطو کی تنقید کی صداقت سے مجھے کوئی اختلاف نہیں-

خدا کو بحیثیت طاقت دیکھنا، افغانستان کے مستقبل کی بات ، قوت یقین ، ہیگل کا نظام فکر ، نطشے کی دیوانگی ، فتھ فارس پر تجزیہ اورنگزیب کو ہندوستان میں ملت اسلامیہ کا بانی دیکھنا ، غالب کی عظمت کا اقرار، طاقتور انسان، انتظار مہدی، جمہوریت و شہنشاہیت الغرض یہ 125 تاملات ایک بے بہا خزانہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں - گزارش یہ ہے کہ عوام اور خصوصاً نوجوان جہاں اقبال کے تصورات اور شاعری سے مستفید ہوتے ہیں اسی طرح اقبال کی ذاتی ڈائری سے بھی آشنا ہوں جو یہ دعوت فکر دیتی ہے کہ انسان اپنی عقل، ایمان، خودی، اخلاق اور عمل کو کس طرح اس مقام تک لے جائے جہاں وہ محض تاریخ کا تماشائی نہ رہے بلکہ تاریخ اور تہذیب کا تخلیق کار بن جائے؟ بزبان شعر:

خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے

٭٭٭

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر