انسانی وجود ہمیشہ سے ایک پیچیدہ فلسفیانہ اور روحانی سوال رہا ہے- ہر عہد میں انسان اس بنیادی سوال سے رو برو ہوتا ہے کہ اس کی ہستی کا ماخذ کیا ہے؟ اور اس کے فکری سفر کی غایت کہاں تک پھیلی ہوئی ہے؟ کائنات کی لامحدود وسعت اور وقت (زمان) کی لامتناہی گردش انسان کو ایک ایسے عمیق تجربے سے گزارتی ہے جسے فلسفے اور نفسیات کی زبان میں وجودی بحران (Existential Crisis) کہا جاتا ہے-
یہ بحران محض ایک عارضی نفسیاتی اضطراب نہیں، بلکہ ایک بنیادی وجودی (Existential)سوال ہے جو انسان کو اپنی ذات کے سچے حقائق کا سامنا کرنے پر مجبور کرتا ہے- ہیگل،[1] کیرکیگارڈ، نطشے اور ہائیڈیگر جیسے مفکرین کے نزدیک یہ بحران محض قنوطیت یا ناامیدی کا پیش خیمہ نہیں بلکہ ایک ’’تخلیقی لمحہ‘‘ ہے- یہ وہ نقطہ ہے جہاں انسان ظاہری دنیا کی حدود سے نکل کر اپنے وجود کی اصل اور ماہیاتی حقیقت کو چھوتا ہے-
جب فرد خود کو کائنات کے بے کنار خلا میں تنہا پاتا ہے، تو اس کے سامنے آزادی، اختیار اور شخصی ذمہ داری کے دشوار گزار سوالات کھلتے ہیں- یہی لمحہ اس کی اخلاقی و روحانی بیداری کا نقطۂ آغاز بنتا ہے- اس زاویے سے وجودی بحران انسانی فکری ارتقاءکا ایک ایسا مرحلہ ہے، جو اسے اس بات پر آمادہ کرتا ہے کہ وہ محض روایتی تصورات پر تکیہ کرنے کے بجائے اپنے کائناتی مقام کی عقلی و روحی جستجو کرے-
وجودی بحران کے بنیادی پہلو :
(Dimensions of Existential Crisis)
فلسفہ و نفسیات کی روشنی میں وجودی بحران 6بنیادی فکری و روحانی پہلوؤں (Dimensions) کو جنم دیتا ہے-
پہلا پہلو انفرادیت و اصلِ ہستی (Identity & Essence) کا ہے، جہاں انسان اپنی اصل، شعور اور انفرادیت کے بارے میں سوال اٹھاتا ہے کہ آیا وہ محض جسم و ذہن کا ایک مادی مادہ ہے؟ یا اس کی حقیقت اس مادی دنیا سے ماوراء ہے؟
دوسرا پہلو غایت حیات (Purpose of Life) سے متعلق ہے: کیا انسانی زندگی کسی متعین مقصد کیلئے ہے یا یہ محض ایک حادثاتی ارتقائی واقعہ ہے؟تیسرا پہلو جبر و اختیار (Freedom & Agency) کا ہے، جس میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ انسانی آزادی کی حقیقت کیا ہے؟ اور کیا فرد اپنے فیصلوں میں خود مختار ہے یا تقدیر اور معاشرتی ساختیں اس پر حاکم ہیں؟
چوتھا پہلو فنا و ابدیت (Mortality & Eternity) ہے، یعنی عدم، فنا اور موت کا خوف اور یہ سوال کہ کیا موت ہی وجود کا حتمی خاتمہ ہے یا روح کسی اور عالم میں باقی رہتی ہے؟
پانچواں پہلو مطلق حقیقت (Ultimate Reality & God) سے متعلق ہے، جس میں کائنات کے خالق اور انسان کے درمیان حقیقی رشتے کا سوال اٹھتا ہے-
چھٹا اور آخری پہلو معنویت و اخلاقیات کی بنیاد (Foundations of Meaning & Ethics) ہے: اگر کائنات کسی ازلی مقصد سے خالی ہے، تو اخلاق، عدل، محبت اور سچائی کے تصورات کی بنیاد کس بات پر قائم ہے؟
مغربی وجودیت اور بحران کی فکری تشکیل :
انیسویں اور بیسویں صدی میں یورپ کی صنعتی و سائنسی پیش رفت کے بعد جب روایتی مذہبی و اخلاقی ڈھانچے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے، تو وجودی بحران ایک عالمگیر فکری مسئلے کی صورت میں ابھرا- مغربی مفکرین نے اس بحران کی تشریح مختلف زاویوں سے کی-
سورین کیرکیگارڈ:
کیرکیگارڈ کے نزدیک حقیقی ایمان عقل کےنظری استدلال سے نہیں بلکہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب انسان اپنی ہستی کی گہرائی میں وجودی تشویش (Existential Anxiety) محسوس کرے اور خدا کے ساتھ ایک بلاواسطہ اور ذاتی رشتہ جوڑے- [2]
فریڈرک نطشے:
نطشے نے روایتی مابعدالطبیعیات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو کائناتی خلا اور بے معنویت کے ماحول میں اپنی اقدار خود تخلیق کرنا ہوں گی- [3]
مارٹن ہائیڈیگر:
اپنی تصنیف Being and Time میں ہائیڈیگر نے واضح کیا کہ انسان اپنی فانیت اور "موت کی جانب پیش قدمی (Being-towards-death) کے شعور سے ہی اپنے اصلی وجود (Authentic Existence) کو دریافت کر سکتا ہے- [4]
ژاں پال سارتر:
سارتر کے نزدیک ’’وجود ماہیت پر مقدم ہے‘‘ (Existence precedes essence)- انسان کائنات میں بغیر کسی طے شدہ مقصد کے آتا ہے اور مطلق طور پر آزاد ہے، مگر یہی آزادی اس پر ایک سنگین اخلاقی بوجھ اور کائناتی تنہائی (Existential Dread) بن کر نازل ہوتی ہے-[5] مغربی وجودیت کا غالب رجحان بالآخر انسان کو کائناتی تنہائی اور قنوطیت (Absurdity) کی فکری بند گلی میں چھوڑ دیتا ہے-
اقبال کا جواب: فلسفۂ خودی اور قرآنی اساس
)Iqbal's Paradigm & Quranic Foundations)
مغربی وجودیت کے برعکس برصغیر کے عظیم مفکر و شاعر علامہ محمد اقبال نے ایک ایسا فلسفیانہ فریم ورک پیش کیا جو انسان کو مایوسی کے بجائے رجائیت اور تخلیقی عمل عطا کرتا ہے- اقبال کے نزدیک انسان محض مادی یا جسمانی وجود نہیں، بلکہ ایک تخلیقی، فعال اور روحانی ہستی ہے جسے وہ ’’خودی‘‘ کا نام دیتے ہیں- [6]
الف) خودی بطور تخلیقی شریکِ کار
علامہ اقبال اپنے انگریزی خطبات میں لکھتے ہیں:
“The ultimate aim of the ego is not to see something, but to be something”. [7]
’’خودی کا حتمی مقصد کسی چیز کو دیکھنا نہیں، بلکہ خود کچھ بن جانا ہے‘‘-
اقبالؒ کے تصورِ خودی میں تقدیر کو محض جبر و بے اختیاری کے مفہوم میں نہیں دیکھا جاتا، بلکہ انسانی ارادے، اختیار اور مسلسل عمل کو بنیادی اہمیت حاصل ہے- انسان اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر دستیاب امکانات میں تبدیلی اور تعمیر کا کردار ادا کرتا ہے -
ب) اخلاقی و روحانی ارتقا ء
(Ethical and Spiritual Evolution)
ہسپانوی محقق انتونیو ڈی ڈیاگو گونزالیز (Antonio De Diego González) کے تجزیاتی مطالعے کے مطابق، اقبال کا فلسفۂ خودی انسان کو مادی یا نراجی آزادی کے بجائے مطلق آزادی کے ساتھ اخلاقی اور روحی ارتقاء کی طرف دعوت دیتا ہے-[8]
جس کا مطلب یہ ہے کہ اقبالؒ کا فلسفۂ خودی انسان کو مادی مفادات اور انارکی پر مبنی آزادی کے بجائے ایسی بامقصد آزادی کی طرف دعوت دیتا ہے جو اخلاقی ذمہ داری، روحانی ارتقا اور خودی کی تکمیل سے ہم آہنگ ہو-
اقبال کی شعری روایت میں خودی کا یہ تصور ارتقاء اور اثبات کے اعلیٰ ترین مقام پر نظر آتا ہے:
|
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے |
اسی طرح موت کے وجودی خوف کا ردِعمل پیش کرتے ہوئے اقبال کہتے ہیں:
|
موت کو سمجھے ہیں غافل اختتامِ زندگی |
قرآنی فریم ورک (Quranic Foundations)
اقبال کے فکری حل کی بنیادیں قرآنِ کریم کی آیاتِ مبارکہ میں پیوست ہیں، جو انسانی وجود کی کائناتی حیثیت کو متعین کرتی ہیں- غایتِ حیات کے حوالے سے ارشاد ہے:
’’ وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَ الْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ ‘‘[9]
’’اور میں نے جنات اور انسانوں کو صرف اس لئے پیدا کیا ہے کہ وہ میری عبادت کریں‘‘-
کائناتی جانشینی کے بارے میں فرمایا:
’’ہُوَ الَّذِیْ جَعَلَکُمْ خَلٰٓئِفَ فِی الْاَرْضِ‘‘[10]
’’وہی ہے جس نے تمہیں زمین میں اگلوں کا جانشین کیا‘‘-
وجود کو آزمائش اور ارتقا ءکا ذریعہ قرار دیتے ہوئے فرمایا:
’’الَّذِیْ خَلَقَ الْمَوْتَ وَ الْحَیٰوۃَ لِیَبْلُوَکُمْ اَیُّکُمْ اَحْسَنُ عَمَلًا‘‘[11]
’’جس نے موت اور حیات کو پیدا کیا تاکہ تمہاری آزمائش کرے کہ تم میں سے کون زیادہ اچھا عمل کرنے والا ہے‘‘-
انسان میں جوہر الٰہی کے بارے میں فرمایا:
’’وَنَفَخْتُ فِیْہِ مِنْ رُّوْحِیْ‘‘[12]
’’اور اس میں (اپنی پسندیدہ )روح پھونک دوں‘‘-
یہ آیات اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ انسان کا وجود کائنات کا کوئی حادثاتی واقعہ نہیں، بلکہ ایک الٰہی جوہر اور محوری ذمہ داری پر مبنی ہے-
فکرِ اقبال اور مغربی وجودیت :
)Iqbal's Thought and Western Existentialism(
خالق اور کائنات سے رشتے کے حوالے سے مغربی وجودیت میں خدا کا یا تو سرے سے انکار کیا جاتا ہے [13]یا پھر انسان کو تنہا چھوڑ دیا گیا، سمجھا جاتا ہے -[14]جبکہ علامہ اقبال کے نزدیک انسان اور خدا کے درمیان ایک تخلیقی اور قائم تعلق موجود ہے اور انسان نیابتِ الٰہی کا حامل ہے-[15]انسانی آزادی اور اختیار کے معاملے میں مغربی وجودیت آزادی کو ایک سنگین بوجھ اور وجودی اضطراب کی صورت میں دیکھتی ہے[16]اس کے برعکس علامہ اقبال کے نزدیک آزادی خودی کو مستحکم کرنے اور اخلاقی ارتقا ءکا ذریعہ ہے -[17]
موت اور فنا کی حقیقت کے باب میں مغربی وجودیت موت کو وجود کا حتمی خاتمہ سمجھتی ہے-[18] جبکہ اقبال کے نزدیک موت ابدی خاتمہ نہیں بلکہ روح کے ارتقا ءکی ’’صبحِ دوام‘‘ ہے -مقصدِ حیات اور معنویت کے سوال پر مغربی وجودیت کائنات کو ازلی مقصد سے خالی سمجھتی ہے[19]، جبکہ علامہ اقبال کے نزدیک حیات کا مقصد بامعنی ہے اور خودی کے ارتقاء پر مبنی ہے -[20]
جدید ڈیجیٹل دور اور نوجوان نسل پر اثرات:
عصرِ حاضر کا ڈیجیٹل اور تکنیکی ماحول وجودی بحران کو ایک پیچیدہ صورتِ حال کی طرف لے کرجا رہا ہے- جدید نوجوان اپنی شناخت کو سوشل میڈیا کے تاثرات سے مشروط کر رہے ہیں، جس سے سطحی شناخت اور معنویت کے فقدان کے باعث شدید وجودی اضطراب جنم لیتا ہے- روایتی اقدار میں کمزوری کی وجہ سے گہری روحانی تنہائی اور ڈپریشن میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جو اس معنی کے بحران (Meaning Crisis) کی عکاسی کرتا ہے- تاہم اقبال کی فکر کے مطابق یہی بحران، اگر درست زاویے سے دیکھا جائے، نوجوان کے لیے باطنی بیداری کا ایک مثبت موقع بھی بن سکتا ہے-
اقبال کا عملی ماڈل اور تدارک :
اقبال کے نزدیک وجودی بحران سے نجات کا واحد راستہ خودی کی تربیت اور اخلاقی بالیدگی ہے- فرحت عزیز اور سید نعیم بادشاہ کی تحقیق کے مطابق، اقبال کی قرآنی فکر تعلیم کو شخصیت کی تعمیر اور خودی کی بیداری کا ذریعہ قرار دیتی ہے[21] اسی طرح، خودی اور کردار سازی پر ہونے والی حالیہ نفسیاتی تحقیق سے بھی یہ بات سامنے آتی ہے کہ اقبال کا تصورِ خودی نوجوانوں کو وجودی خوف پر قابو پانے کے لیے ایک روحی اور نفسیاتی بنیاد فراہم کر سکتا ہے-[22]
حاصلِ کلام :
مذکورہ بالا تجزیے سے یہ نتیجہ اخذ ہوتا ہے کہ وجودی بحران، اپنی اصل میں، انسانی شعور کا ایک ایسا فطری مرحلہ ہے جس سے ہر عہد کا انسان کسی نہ کسی صورت میں گزرتا ہے- مغربی وجودیت نے اس بحران کو گہرائی سے سمجھنے کی کوشش تو کی، لیکن بالآخر انسان کو ایک ایسی کائناتی تنہائی اور بے یقینی کی طرف لے گئی جہاں زندگی کا کوئی متعین مقصد باقی نہیں رہتا- کیرکیگارڈ کی وجودی تشویش ہو یا نطشے کی اقدار کی خود ساختہ تخلیق، ہائیڈیگر کی موت کی جانب پیش قدمی ہو یا سارتر کی وجودی بوجھ ،یہ سب مکاتبِ فکر انسان کو خود اپنے وسائل پر چھوڑ دیتے ہیں، بغیر کسی رہنمائی اور کائناتی معنویت کے-
اس کے برعکس علامہ اقبال کا فلسفۂ خودی اسی بحران کو ایک بالکل مختلف زاویے سے دیکھتا ہے- اقبال کے نزدیک وجودی بحران کوئی خاتمہ یا بند گلی نہیں، بلکہ ارتقاء اور تعمیر کا ایک سنہری موقع ہے- انسان یہاں تنہا اور بے یار و مددگار نہیں بلکہ خود خالق کائنات نے اسے اپنی معیت سے نوازا ہے ، جس پر قرآن کریم کی شہادت موجود ہے - ارشاد باری تعالیٰ ہے :
’’وَ ہُوَ مَعَکُمْ اَیْنَ مَا کُنْتُمْ‘‘[23]
’’اور وہ تمہارے ساتھ ہے تم جہاں کہیں بھی ہو‘‘-
اقبال کے نزدیک انسان کو اپنی خودی کو بلند کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی مکمل آزادی اور ذمہ داری دونوں حاصل ہیں-یہ فرق محض فلسفیانہ بحث تک محدود نہیں بلکہ قرآنی فریم ورک میں بھی گہرائی سے پیوست ہے، جو انسان کے وجود کو ایک حادثاتی واقعہ نہیں بلکہ ایک الٰہی جوہر اور نیابتِ الٰہی پر مبنی ذمہ داری کے طور پر پیش کرتا ہے- عصرِ حاضر کے ڈیجیٹل دور میں، جہاں نوجوان نسل شناخت اور معنویت کے سنگین بحران سے دوچار ہے، اقبال کی یہ فکر ایک عملی اور قابلِ عمل متبادل فراہم کرتی ہے تعلیم اور خودی کی تربیت کے ذریعے یہ ممکن ہے کہ وجودی بحران کو، مایوسی کی بجائے، باطنی بیداری اور تعمیری عمل کا ذریعہ بنایا جائے-غرض یہ کہ جہاں مغربی وجودیت انسان کو ایک بے کنار خلا میں تنہا چھوڑ دیتی ہے، وہیں فکرِ اقبال اسے ایک بامقصد، بامعنی اور خدا سے جڑی ہوئی زندگی کی طرف گامزن کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے-ایسی زندگی جس میں انسان محض موجود نہیں ہوتا، بلکہ اپنی خودی کی بدولت مسلسل اپنی شخصیت کی تعمیر اور ارتقاء کیلئے مصروف عمل رہتا ہے-
٭٭٭
[1]Hegel, G. W. F. (1807). Phenomenology of Spirit. Translated by A. V. Miller. Oxford University Press, 1977.
[2]Kierkegaard, Søren. (1844). The Concept of Anxiety. Translated by Reidar Thomte. Princeton University Press, 1980.
[3]Nietzsche, Friedrich. (1883–1885). Thus Spoke Zarathustra. In The Portable Nietzsche, translated by Walter Kaufmann. Viking Press, 1954.
[4]Heidegger, Martin. (1927). Being and Time. Translated by John Macquarrie & Edward Robinson. Harper & Row, 1962, pp. 279–311.
[5]Sartre, Jean-Paul. (1943). Being and Nothingness. Translated by Hazel Barnes. Philosophical Library, 1956, pp. 433–481.
[6]شرح بال جبریل ص :68
[7]Iqbal, Muhammad. (1930/1934). The Reconstruction of Religious Thought in Islam. Oxford University Press, Lecture 4, p. 118.
[8]González, Antonio De Diego. (2023). "The Challenge of Muhammad Iqbal's Philosophy of Khudi to Ibn 'Arabī's Metaphysical Anthropology." Religions, Vol. 14, Issue 5, Article 683.
https://doi.org/10.3390/rel14050683
[9](الذاریات:56)
[10](فاطر:39)
[11](الملک:2)
[12](الحجر:29)
[13]Nietzsche, Friedrich. (1883–1885). Thus Spoke Zarathustra. In The Portable Nietzsche, translated by Walter Kaufmann. Viking Press, 1954.
[14]Sartre, Jean-Paul. (1943). Being and Nothingness. Translated by Hazel Barnes. Philosophical Library, 1956, pp. 433–481.
[15]bal, Muhammad. (1930/1934). The Reconstruction of Religious Thought in Islam. Oxford University Press, Lecture 4, p. 118.
[16]Sartre, Jean-Paul. (1943). Being and Nothingness. Translated by Hazel Barnes. Philosophical Library, 1956, pp. 433–481.
[17]González, Antonio De Diego. (2023). "The Challenge of Muhammad Iqbal's Philosophy of Khudi to Ibn 'Arabī's Metaphysical Anthropology." Religions, Vol. 14, Issue 5, Article 683.
https://doi.org/10.3390/rel14050683
[18]Heidegger, Martin. (1927). Being and Time. Translated by John Macquarrie & Edward Robinson. Harper & Row, 1962, pp. 279–311.
[19]Nietzsche, Friedrich. (1883–1885). Thus Spoke Zarathustra. In The Portable Nietzsche, translated by Walter Kaufmann. Viking Press, 1954.
[20]شرح بال جبریل ص:68
[21]Mohd Nor, Mohd Roslan, & Bahroni, Imam. (2011). "Iqbal's Philosophy on Islamic Education: A Historical Perspective." Global Journal Al-Thaqafah, Vol. 1, No. 1, pp. 15–24.
[22]Gillani, Uzma, & Khan, Muhammad Jahanzeb. (2025). "Achieving Our Highest Potential Through Character Development (Husn-i-Akhlaaq): An Islamic Perspective on Holistic Personality Development, Spiritual Growth and Human Flourishing." Frontiers in Psychology. https://doi.org/10.3389/fpsyg.2025.1569393
[23](الحدید:4)