پیغام دلفریب ہے اُم الکتاب کا(نظم)

پیغام دلفریب ہے اُم الکتاب کا(نظم)

پیغام دلفریب ہے اُم الکتاب کا(نظم)

مصنف: مستحسن جامی اپریل 2022

پیغام دلفریب ہے اُم الکتاب کا
جاری ہو لمحہ لمحہ تلاوت کا سلسلہ
روشن اسی سے ہوتا ہے ہر ایک راستہ
ایسا زمانے بھر میں نہیں کوئی رہنما

کیسے عیاں ہو بھید یہ عرفان کے بغیر
منزل کسے ملی کبھی قرآن کے بغیر

سینوں سے مومنوں کے نہ ہوگی کبھی جُدا
یہ وہ کتاب جس کا محافظ ہے خود خدا
ہے خوش نصیب جس نے بھی قرآن پڑھ لیا
امُ الکتاب اصل میں خود بھی ہے معجزہ

سینوں میں اپنے حفظ یہ قرآن کیجئے
سارا سفر حیات کا آسان کیجئے

حاصل اگر جہاں میں کسی کو ہُوا کمال
پیغامِ نُور ہی کی بدولت ہوئے نہال
قرآں سے انحراف میں آئے سبھی زوال
سو کیجئے کتاب سے پھر رابطہ بحال

جو سب پہ منکشف ہو حقیقت، اسی کی ہے
مُسلم کو آج پھر سے ضرورت اسی کی ہے

بے مثل و بے مثال بہت منفرد حسیں
اسمائے نُور یوں ہیں کہ جیسے کوئی نگیں
’’النور‘‘ کے ’’الحکم‘‘ کے اسرار ہیں یہیں
’’الہادی‘‘ و ’’میزان‘‘ بھی ہیں رُوح کے قریں

’’الشافی‘‘ و ’’العدل‘‘ کو دل میں بسایئے
اسمائے نُور سے دلِ مضطر سجائیے

اے کاش میرے جسم سے ہر رنج دُور ہو
سینوں سے ختم سارا ہی کبر و غرور ہو
زائل ہمیشہ کیلئے جامی فتور ہو
باطن پہ منکشف جو یہ پیغامِ نُور ہو

روشن ہو جس بشر کی بھی قرآن سے جبیں
رشک آسمان کرتا ہے ہوتی ہے خوش زمیں

٭٭٭

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر