اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:
’’یٰٓاَیُّہَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اصْبِرُوْا وَصَابِرُوْا وَرَابِطُوْا قف وَاتَّقُوا اللہَ لَعَلَّکُمْ تُفْلِحُوْنَ‘‘
’’اے ایمان والو صبر کرو اور صبر میں دشمنوں سے آگے رہو اور سرحد پر اسلامی ملک کی نگہبانی کرو اور اللہ سے ڈرتے رہواس امید پر کہ کامیاب ہو‘‘- (آل عمران:200)
رسول کریمﷺ نے ارشاد فرمایا:
حضرت فَضالہ بن عُبید (رضی اللہ عنہ) سے مروی ہے کہ سیّدی رسول اللہ (ﷺ)نے ارشاد فرمایا:’’ہر میت کے عمل کا سلسلہ بند کر دیا جاتا ہے سوائے اس شخص کے جو اللہ تعالیٰ کے راستے میں سرحد کی پاسبانی کرتے ہوئے مرے تو اس کا عمل قیامت تک بڑھایا جاتا رہے گا اور وہ قبروں کے فتنوں سے محفوظ رہے گا اور میں نے سیّدی رسو ل اللہ (ﷺ) کو یہ ارشادفرماتے ہوئے سُنا کہ مجاہد وہ ہے جواپنے نفس سے جہاد کرے‘‘- (سنن الترمذی، أَبْوَابُ فَضَائِلِ الْجِهَادِ عَنْ رَسُولِ اللهِ (ﷺ)
فرمان سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒ :
’’اے میر ے بیٹے !تو اپنی عادت کا قیدی ہے (یعنی نماز بھی پڑھتا ہے تو صرف عادت ہوجانے کی وجہ سے )اور تُو نے اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ سے طرح طرح کی چیز یں مانگنے ،اسباب کو پیداکرنے والے کو بھول کر سبب کے پاس جانے اوراسباب پر بھروسہ کرنے کا عادی بنالیا ہے ،(اس عادت کو ترک کراور)ازسر نو عمل کر اوراس میں اخلاص پید اکر -اللہ تعالیٰ ارشادفرماتا ہے کہ میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اپنی عبادت کے لیے پید افرمایا ہے ،ان کو ہوس کیلئے پید انہیں فرمایا، کھیل کودکیلئے پید ا نہیں فرمایا، (محض)کھانے پینے اورسونے کیلئے پید انہیں فرمایا -اے غافلو!اپنی غفلتوں سے بیدار ہو جاؤ،(جب) تیرا دل اس کی طرف ایک قدم چلتا ہے تو اللہ عزوجل کی محبت تیری طرف کئی قدم چلتی ہے اوروہ اپنے عشا ق سے ملنے کا اپنے عشاق سے زیادہ مشتاق ہے ‘‘- (الفتح الربانی)
فرمان سلطان العارفین حضرت سلطان باھوؒ:
ش:شور شہر تے رحمت وَسّے جِتھے باھوؒ جَالے ھو
باغباناں دے بُوٹے وانگوں طالِب نِت سَمبھالے ھو
نال نظارے رحمت والے کھَڑا حضوروں پالے ھو
نام فقیر تنہاندا باھوؒ جِہڑا گھر وچ یَار وِکھالے ھو (ابیاتِ باھو)
فرمان قائداعظم محمد علی جناح ؒ :
ایمان ، اتحاد، تنظیم
’’اب ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے ہمیں ان عوام کی ، جنہیں اب تک افسوس ناک طریقے سے نظر انداز کیا گیا ہے ، حالت کو بہتر بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو کام میں لانا ہو گا‘‘- (سری لنکا آزادی پر پیغام تہنیت کراچی ،4 فروری 1948ء)
فرمان علامہ محمد اقبالؒ:
خرد کے پاس خبر کے سوا کچھ اور نہیں
ترا علاج نظر کے سوا کچھ اور نہیں
رگوں میں گردشِ خوں ہے اگر تو کیا حاصل
حیات سوزِ جگر کے سوا کچھ اور نہیں (بال جبریل)