دستک : آپریشن بنیان مرصوص دفاعِ وطن کا ناقابلِ تسخیر عزم

دستک : آپریشن بنیان مرصوص  دفاعِ وطن کا ناقابلِ تسخیر عزم

دستک : آپریشن بنیان مرصوص دفاعِ وطن کا ناقابلِ تسخیر عزم

مصنف: جون 2025

آپریشن بنیان مرصوص: دفاعِ وطن کا ناقابلِ تسخیر عزم

 22 اپریل 2025ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ حملے کا الزام بھارت نے بنا کسی ثبوت اور تفتیش کے پاکستان پہ لگایا تھا گو کہ پاکستان نے اس کی تحقیقات کیلئے مکمل تعاون کی بھی پیشکش کی تھی جس پہ بھارت کی جانب سے حسبِ معمول کوئی مثبت جواب نہی آیا-اس واقعہ کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کئی دنوں سے صورتحال کشیدہ ہو گئی تھی- بھارتی حکومت کی ہمیشہ سے یہ روش رہی ہے کہ جھوٹے حملوں کے ذریعے پاکستان پر نام نہاد دہشت گردی کا الزام لگایاجائے- جبکہ وہ خود اپنے جنگی آلہ کاروں کے ذریعہ پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے جس کے ثبوت پاکستان نے بارہا مرتبہ عالمی فورمز پہ بھی پیش کئے ہیں-

پہلگام واقعہ پہ بغیر کسی تحقیقات اور ٹھوس شواہد کے حملے کے فوراً بعد 10 منٹ کے اندر اندر نہ صرف واقعہ کی ایف آئی آر درج کی گئی بلکہ پاکستان پر حملے کی دھمکیاں دینا شروع کردی گئیں اور جنگی تیاریوں کا بھی آغاز کر دیا گیا- اس کے علاوہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا- ایک ذمہ دار اور باوقار ریاست ہونے کے ناطے پاکستان نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف بھارتی حکومت سے ثبوت طلب کئے  بلکہ تعاون کی پیشکش بھی کی-پاکستان نے بھارت سمیت عالمی دنیا پر واضح کیا کہ وہ محاذ آرائی نہیں چاہتا لیکن اگر بھارت کسی جارحیت کا مرتکب ہوا تو وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تیار ہے-جبکہ سند طاس معاہدہ کی معطلی کو اقدامِ جنگ سے منسوب کیا گیا-

ماضی کی ہٹ دھرمی اور ہندوتوا پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے بھارت نے 6 اور 7 مئی 2025ء کی شب آزاد پاکستانی علاقوں میں مساجد پر حملے کئے جن میں 31 نہتے شہری شہید اور 57 افراد زخمی ہو گئے- بھارت کی طرف سے اس نام نہاد بزدلانہ کارروائی کو آپریشن سندور کا نام دیا گیا- اس دوران افواج پاکستان نے فوری جوابی کارروائی میں حملہ آور بھارتی فضائیہ کے پانچ طیارے مار گرائے جن میں جدید فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے- افواجِ پاکستان اور پوری ملکی قیادت نے اس بات کا کئی مرتبہ عزم دہرایا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیا جائے گا-9 اور 10 مئی کی درمیانی شب بھارت نے دوبارہ میزائل حملوں کے ذریعے راولپنڈی کے نور خان ایئر بیس، شورکوٹ ایئر بیس اور مرید ایئر بیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم ترجمان پاک فوج کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ رہے- بالآخر ناگزیر ردِ عمل دیتے ہوئے پاکستانی افواج نے 10 مئی کی علی الصبح بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا اور اس آپریشن کو ’’بنیان مرصوص‘‘ کا نام دیا گیاجو قرآن کریم کی سورۃ الصف ،آیت:4 سے ماخوذ ہے-

 آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کا آغاز پاکستان نے فتح ون مزائل چلا کر بھارت کو کرارا جواب دیا- افواج پاکستان نے آپریشن کی تفصیلات کے متعلق بتایا کہ دوران آپریشن زمین، فضا، سمندر اور سائبر محاذ پر ہم آہنگی سے کارروائیاں کی گئیں اور پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والے بھارت کے 26 اہم فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، وہ تنصیبات جو پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ میں استعمال ہوتی ہیں، ان تنصیبات کو نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بلکہ بھارت کے اندر بھی نشانہ بنایا گیا- ان تمام اہداف پر دشمن کو شدید نقصان ہوا-علاوہ ازیں بھارت کی جنگی بالادستی سمجھے جانے والے جدید ترین فضائی دفاعی نظام ایس 400 کو بھی پاک فضائیہ نے نشانہ بنا کر ثابت کیا کہ افواج پاکستان دنیا میں کسی سے کم نہیں اور ملکی دفاع کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجیز کا بھی کامیابی سے سامنا کرنے کو تیار ہیں-

ان حملوں کے بعد امریکی ثالثی میں جنگ بندی کا اعلان کیا گیا- یونہی ایک مرتبہ پھر جنوبی ایشیا ایک بہت بڑے جنگی بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوا ہے جس کی جانب بی جے پی اور آر ایس ایس کی ہندوتوا پالیسی خطے کو بار بار دھکیل رہی ہیں-اس سارے عرصہ کے دوران افواج پاکستان کے ساتھ عوامی حمایت اور جوش و جذبہ قابل دید تھا- ہر سطح پر عوام اپنی فوج کے ساتھ دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی ہے- خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان نے اپنے میزائل سسٹمز فتح سیریز کو کامیابی سے لانچ کیا - اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اسی جذبے کے تحت جے ایف 17 کی طرح مزید جدید لڑاکا طیاروں کی خود تیاری کی جانب سنجیدگی سے قدم بڑھائیں کیونکہ دفاعی خود انحصاری ہی جدید دور میں آزادی کی علامت ہے-

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر