نذرانہ عقیدت دربارگاہِ سید الشہداءامام حسین(رضی اللہ عنہ)

نذرانہ عقیدت دربارگاہِ سید الشہداءامام حسین(رضی اللہ عنہ)

نذرانہ عقیدت دربارگاہِ سید الشہداءامام حسین(رضی اللہ عنہ)

مصنف: مستحسن رضا جامی جون 2026

حُسینؑ حُسنِ جہاں، لا الہ الا اللہ
حُسینؑ مونسِ جاں، لا الہ الا اللہ

سوارِ دوشِ پیمبر (ﷺ)، حُسینؑ ابنِ علیؑ
یہ خوشنما ہے سماں، لا الہ الا اللہ

ترے کمال ترے مرتبہ و منصب کا
کسی سے کیا ہو بیاں، لا الہ الا اللہ

ترے وجود میں صبر و رضا سمٹ آئے
خدا نے دی یہ کماں، لا الہ الا اللہ

تری شجاعت و قربانیوں کا قصۂ نم
ہر اک زباں پہ رواں، لا الہ الا اللہ

جبینِ وقت پہ دُنیائے بحر و بر پر بھی
ہے تیرا سجدہ عیاں، لا الہ الا اللہ

سخی حُسینؑ ترے گلشنِ منور سے
مہک رہا ہے جہاں ، لا الہ الا اللہ

نہ کوئی صبر کی ایسی مثال عرش پہ ہے
نہ ہے زمیں پہ یہاں، لا الہ الا اللہ

ازل کے دن سے ابد تک حُسین نے دی ہے
وفا کی نُوری اذاں، لا الہ الا اللہ

مرے سخی ہیں عنایات بے نظیر تری
ملے مجھے بھی اماں، لا الہ الا اللہ

٭٭٭ 

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر