افواجِ پاکستان کی بھارتی جارحیت کے خلاف زبردست کامیابی کے موقعہ پر حضرت صاحبزادہ سلطان محمد علی صاحب کی خصوصی ہدایت پہ مسلم انسٹیٹیوٹ کی جانب سے لاجواب خراج تحسین پیش کیا گیا- 14 مئی 2025ء کو دربار حضرت سلطان باھُو ؒپہ پاک فضائیہ کے آپریشن میں زیر استعمال طیارے J-10C کی شکل پر انسانی ماڈل تیار کیا گیا - جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے- تمام لوگ سفید لباس میں ملبوس اور سروں پر سفید دستاریں سجائے ہوئے تھے- نوجوان پاکستان زندہ باد ( Pakistan Zindabaad) اورشکریہ آذربائیجان، چائینہ اور آذربائیجان ( Thank You China, Turkiye, Azerbaijan) کے الفاظ کا نمونہ بنائے ہوئے شریک ہوئے- جس کا مقصد ان ممالک کی جانب سے پاکستانی مؤقف کی حمایت کا شکریہ ادا کرنا تھا- اس کے علاوہ پاکستان کے دوست سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک کابھی شکریہ ادا کیا گیا- یہ ماڈل انتہائی خوبصورت اور بےمثال تھا، جس میں تمام افراد انتہائی نظم و ضبط اور حب الوطنی کے جذبے سے مالامال تھے- تمام شرکاء مل کر نعرے لگا رہے تھے-
پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ
تیرا میرا رشتہ کیا لا الہ الا اللہ
اس ماڈل میں پاکستان کے طول و عرض سے لوگ شریک ہوئے - ماڈل میں شریک ہو کر انہوں نے ثابت کیا کہ پاکستانی عوام جسد واحد کی طرح ہیں اور ان کی پہچان صرف اور صرف کلمہ طیبہ لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ پر ہے- یہ ماڈل پاکستان کے ان دشمنوں کیلئے بھی ایک پیغام ہے، جو صوبائی، لسانی، نسلی اور ثقافتی تقسیم کے بیچ بو کر پاکستان کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کے خواب دیکھتے ہیں- پاکستان ایک لازوال حقیقت ہے جو تاقیامت تک قائم رہنے کےلیے معرض وجود میں آیا-
یہ ماڈل پاک فضائیہ کی افواج کوخراج تحسین پیش کرنے کےلیے تشکیل دیا گیا- پاکستان کی افواج اپنی پیشہ ورانہ قابلیتوں اور بلند عزائم کی وجہ سے ہمیشہ ممتاز رہی ہیں- آج ان غیور نوجوانوں کی ہی وجہ سے بھارت جیسا بڑا ملک گھٹنوں پر آ چکا ہے- بالخصوص، پاکستان فضائیہ کے شاہینوں نے ایک بار پھر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا- بھارت نے جب اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے پاکستان پر حملے کرنا شروع کر دیے تو افواج پاکستان نے پوری قوت کے ساتھ اس کو ناکوں چنے چبوا دیے-پاکستان کی قابل فخر افواج ہمیشہ کی طرح ’’بنیان مرصوص‘‘ ثابت ہوئیں- اس بار پاکستان فضائیہ کے J-10C فائٹر جنگی جہاز پہ عمدہ مہارت نے انڈیا کے فرانس سے امپورٹڈ جدید رافیل جہازوں کا قلع قمع کر دیا- باوجود اپنی ایڈوانس ٹیکنالوجی کے یہ جہاز پاکستان کے شاہینوں کے سامنے پِدّی ثابت ہوئے- پاکستان کی زبردست دفاعی صلاحیتوں کی وجہ سے مودی جیسے شرپسند عناصر پر خوف طاری ہو چکا ہے-
دو قومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان کی ریاست معرض وجود میں آئی، اس دن سے لےکر آج تک بھارت نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ضائع نہیں کیا- اس نے جہاں سفارتی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کی وہیں پاکستان میں اندرونی عدم استحکام کےلیے دہشت گردی کو سپورٹ کیا- آج ملک کے مختلف حصوں میں بگڑتے حالات کی وجہ بھارتی خفیہ تنظیم را کی سازشیں ہیں- جیساکہ بھارت کے محبوس ایجنٹ کلبھوشن یادیو نے خود اعتراف کیا- تاہم پاکستان کے سیکیورٹی اداروں اور عوام کی بھر پور حمایت نے دہشت گردی کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے-
اس موقع پہ مسلم انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سلطان احمد علی صاحب نے ماڈل کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف اپنے غازیوں اور شہیدوں کو خراج تحسین ہی نہیں بلکہ دشمن مودی کو بھی پیغام ہے کہ ہم دفاع وطن میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہیں- بی جے پی نے انٹیلیجنس فیلیئر(intelligence failure) چھپانے اور اپنے ووٹ بینک کو خوش کرنے کے لیے پاکستان کے اوپر جنگ کو مسلط کرنا چاہا - بھارت نے اس جنگ میں صرف رافیل نہیں کھوئے، بلکہ روائتی جنگی صلاحیت میں برتری رکھنے کا دعویٰ بھی کھو دیا ہے-
اسی تناظر میں انہوں نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور اس کی جماعت کی حقیقت کو بےنقاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے مساجد پر حملے کیے، معصوم شہریوں کواور بچوں کو شہید کیا، یہ آر ایس ایس ذہنیت ہے- آج ہندوستان کو اصل خطرہ بی جے پی، آر ایس ایس اور شیو سینا جیسی شدت پسند جماعتوں سے ہےجن کی وجہ سے صرف بھارت ہی نہیں بلکہ پورا جنوبی ایشیا سلگ رہا ہے- بھارتی حملے ظاہر کرتے ہیں کے نریندر مودی اور بی جے پی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے اکھنڈ بھارت کا خواب پورا کرنا چاہتے ہیں- بھارتی ریاستی دہشت گردی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے خطرہ ہے- بھارت نے ہمیشہ غیرقانونی ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنے ناپاک ارادے پورے کیے- کینیڈا اور امریکہ نے مضبوط دلائل سے ثابت کیا ہے کہ وہاں بھی سکھوں کے قتل میں انڈیا ملوث ہے- اسی طرح بھارت کے تمام پڑوسی اس کی دخل اندازیوں کی وجہ سے شدید تحفظات کا شکار ہیں-
چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ نے مزید کہا کہ مسلم انسٹیٹیوٹ کی یہ کاوش پاکستانیوں کے جذبات کی عملی تصویر ہے- آج، تمام پاکستانی اپنی افواج کی پشت پر ہر ممکن مدد کےلیے تیار ہیں- جب بات پاکستان کی سالمیت پر آ جائے تو یہ شیر دل قوم اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر بنیان مرصوص بن جاتی ہے- افواج پاکستان اور پاکستانی قوم کلمہ طیبہ کی پاسبان ہے، جس کی بنیاد پر یہ عظیم وطن قائم ہوا- بھارت جدید ہتھیاروں سے مسلح ہونے کے باوجود بھی پاکستان کا بال بیکا نہیں کر سکتا- اس کے ناپاک ارادے ہمیشہ کی طرح خاک آلود ہوتے رہیں گے-
٭٭٭