ادب اور شاعری انسانی معاشروں میں فکری بیداری اور سماجی تبدیلی کا اہم ذریعہ رہے ہیں- بہت سے شعراء نے اپنے افکار اور تخلیقات کے ذریعے نہ صرف ادبی روایات کو متاثر کیا بلکہ سیاسی و سماجی تحاریکوں کو بھی نئی جہت اور سمت دی- تقابلی ادب کے میدان میں مختلف ثقافتوں کے شعراء کے افکار و نظریات کا موازنہ کر کے انسانی اقدار کی مشترکہ بنیادوں کو سمجھنے کی کوشش کی جاتی ہے- اسی تناظر میں اقبال ؒ اور پیٹوفی کا تقابلی مطالعہ نہایت اہمیت کا حامل ہے- یہ مقالہ ان دونوں شعراء کی فکر کا تقابلی مطالعہ کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیتا ہے کہ انسانیت، آزادی اور حب الوطنی کے تصورات کس طرح ان کی شاعری میں ظاہر ہوتے ہیں-
برصغیر میں اقبالؒ (1877ء-1938ء)کو ایک ایسے فلسفی شاعر کے طور پر دیکھا جاتا ہے جنہوں نے اسلامی فکر، روحانیت اور انسانی آزادی کے تصورات کو جذبہء حریت سے سرشار کرتے ہوئے ایک نئی جہت سے نوازا- بعینہٖ، دوسری طرف یورپ میں شاندور پیٹوفی (Sandor Petofi) (1823ء-1849ء) کو ہنگری کے عظیم شاعر، انقلابی مفکر اور قومی آزادی کی تحریک کا علمبردارسمجھا جاتا ہےجس کی شاعری نے عوامی شعور اور قومی مزاحمت کو وہ قوت فراہم کی جس نے ہنگری پر غاصبین اور قابضین کو سر نگوں کرتے ہوئے آزادی حاصل کرنے میں مدد دی- اقبال ؒ کی شاعری میں انسان کی روحانی بالیدگی، خودی اور اخلاقی ذمہ داری کا تصور مرکزی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ پیٹوفی کی شاعری ہنگری کی قومی و انسانی آزادی اور عوامی شعور کی بیداری کا موجب سمجھی جاتی ہے- پیٹوفی کے حوالےسے یورپی ادب میں انہیں رومانوی تحریک اور قومی آزادی کے استعارے کے طور پر جانا جاتا ہے، جس میں اِن کی شاعری کو حُبّ الوطنی کا درس دیتے ہوئے قومی مذاحمت کی علامت قرار دیا جاتا ہے- دونوں شعراء کے افکار و نظریات کو درج ذیل جہتوں کے تناظر میں پرکھا جا سکتا ہے-
فِکرانسانیت:
اقبالؒ کے فلسفے میں انسان ایک فعال اور تخلیقی قوت کے طور پر سامنے آتا ہے جو اپنی قوؔت ارادی کے ذریعے اپنی تقدیر کو بدل سکتا ہے- اقبالؒ کی فکر کا بنیادی فلسفیانہ تصور 'خودی' ہے- ان کے نزدیک انسان کی اصل طاقت اس کی خودی اور تخلیقی صلاحیت میں پوشیدہ ہے کیونکہ ہر انسان روحانی قوت کا حامل ہے- ان کی شاعری انسان کو اپنی خودی پہچاننے اور اسے بلند کرنے پر زور دیتی ہے- بقول اقبال ؒ: انسان بحیثیت نائب الٰہی ایک آزاد شخصیت کا امین ہے- وہ اپنی ایک نظم ’’انسان‘‘ میں کمالِ انسان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس کے ترقی پذیر ، انقلاب آفرین، دانا، علم و عمل اور توانائی سے بھرپور ہونے کا نقشہ کچھ یوں کھینچتے ہیں:
|
تسلیم کی خُوگر ہے جو چیز ہے دُنیا میں |
اس کے مقابلے میں پیٹوفی کی انسان دوستی زیادہ تر سماجی اور سیاسی تناظر میں ظاہر ہوتی ہے- ان کی شاعری میں اگرچہ فلسفیانہ نظام اقبالؒ کی طرح منظم نہیں، لیکن اس میں آزادی، انسانی وقار اور اخلاقی جرات کے تصورات نمایاں ہیں- ان کی شاعری انسان کو ظلم کے خلاف کھڑے ہونے اور آزادی کے لئے جدوجہد کرنے کی ترغیب دیتی ہے-پیٹوفی انسانی مساوات اور سماجی انصاف کے حامی تھے- ان کی شاعری میں عام انسان کی زندگی او راس کے حقوق کو نمایاں کیا گیا ہے- جیسا کہ وہ اپنی نظم ’’ Nemzeti dal‘‘ میں لکھتے ہیں جس کا اردو ترجمہ ہے:
’’اُٹھو اے مجار قوم! و طن تمہیں پکار رہا ہے-وقت آ گیا ہے، اب یا کبھی نہیں-کیا ہم غلام رہیں گے یا آزاد؟یہی سوال ہے، اس کا جواب دو‘‘-
پیٹوفی نے اپنی تخلیقات میں انسان کو محض ایک فرد کے طور پر نہیں بلکہ ایک باوقار، آزاد اور با اختیار ہستی کے طور پر پیش کیا ہے- اسی لئے ان کی فکر کو ’’فکرِ انسانیت‘‘ (Humanism) کی ایک نمایاں مثال سمجھا جاتا ہے- پیٹوفی سماجی ناانصافی، طبقاتی فرق اور ظلم کے شدید ناقد تھے-
آزادی کا تصور:
علامہ اقبالؒ کے ہاں آزادی کا تصور صرف سیاسی آزادی تک محدود نہیں بلکہ فکری اور روحانی آزادی بھی اس کا حصہ ہے- علامہ صاحبؒ غلامی کو انسانی شخصیت کے زوال کا سبب قرار دیتے ہیں اور انسان کو خود اعتمادی اور خود مختاری کی طرف بلاتے ہیں-
جبکہ، پیٹوفی کی شاعری میں آزادی کا تصور زیادہ تر قومی و انسانی آزادی کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے- ہنگری کی آزادی کی تحریک میں ان کی نظم ’’قومی ترانا‘‘ (National Song) نے عوام کو بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کیا-پیٹوفی آزادی کو محض سیاسی آزادی نہیں بلکہ اخلاقی اور وجودی آزادی بھی سمجھتے تھے- ان کے نزدیک ایک آزاد قوم ہی حقیقی انسانیت کی بنیاد بن سکتی ہے- اس لئے ان کی شاعری میں محبت اور انسانی آزادی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی اقدار ہیں- فکر پیٹوفی میں، آزادی اور انسانیت کے لئے قربانی دینا سب سے اعلیٰ اخلاقی قدر ہے-
حب الوطنی کا تصور:
اقبالؒ کے ابتدائی شاعری میں وطن کی محبت نمایاں ہے، جیسا کہ ان کی مشہور نظم ’’سارے جہاں سے اچھا‘‘ میں نظر آتا ہے- تا ہم بعد میں ان کی فکر ایک وسیع تر تصور یعنی امت مسلمہ کی وحدت اور عالمگیر انسانی اخوت کی طرف مائل ہو جاتی ہے- جیساکہ اقبالؒ نے فرمایا!
|
سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا |
پیٹوفی کی حب الوطنی زیادہ واضع طور پر ہنگری کی قومی شناخت اور آزادی کی جدوجہد سے وابستہ ہے- ان کی شاعری میں وطن کی محبت اور قومی آزادی کے جذبے کو شدت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے- جیسا کہ وہ لکھتے ہیں:
’’خدا کی قسم ! ہم عہد کرتے ہیں کہ اب ہم غلام نہیں رہیں گے‘‘-
ان کے نزدیک وطن سے محبت اس وقت حقیقی بنتی ہے جب انسان ظلم اور غلامی کے خلاف کھڑا ہو جائے-پیٹوفی کے نزدیک ہر فرد اپنی ذاتی زندگی کے ساتھ ساتھ قوم اور سماج کی بھلائی کے لئے بھی کردار ادا کرے جس کے لئے ضروری ہے کہ قانون اور انصاف کا احترام کرے، سماجی انصاف اور مساوات کے لئے جدوجہد کرے، قومی ترقی میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے کمزور طبقات کی مدد کرے-
عالمی نظریات:
اقبالؒ کی فکر کا بنیادی مقصد انسان کو ایک وسیع تر انسانی اور روحانی وحدت کی طرف لے جانا ہے- اقبالؒ کے نزدیک انسان کی اصل شناخت محض قومی یا جغرافیائی حدود سے وابستہ نہیں بلکہ اس کی اصل بنیاد اخلاقی اور روحانی اقدار ہیں- ان کی شاعری میں انسان کو ایک ایسی ہستی کے طور پر پیش کیا گیا ہے جو اپنی روحانی طاقت اور اخلاقی شعور کے ذریعے پوری انسانیت کی فلاح کیلئے کردار ادا کر سکتی ہے- اقبالؒ کے تصور انسانیت میں عالمگیر اخُوَّت کا عنصر نمایاں ہے- وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ انسانوں کے درمیان رنگ، نسل اور زبان کی بنیاد پر تفریق نہیں ہونی چاہیے بلکہ انسانیت کی اصل بنیاد اخلاقی شعور اور روحانی بیداری ہے-
اس کے برعکس پیٹوفی کی شاعری بنیادی طور پر ہنگری کی قومی آزادی سے جڑی ہوئی ہے، تاہم اس میں ایسے انسانی اصول موجود ہیں جو عالمی سطح پر بھی اہمیت رکھتے ہیں- پیٹوفی آزادی کو ایک بنیادی انسانی حق سمجھتے ہیں- ان کی شاعری میں آزادی، عزت، اور انسانی وقار کے تصورات ناصرف ہنگری تک محدود ہیں بلکہ ہر اس معاشرے کے لئےقابل اطلاق ہیں جہاں ظلم و جبر موجود ہو-اس طرح دونوں شعراء کی فکر میں اگرچہ تاریخی پس منظر مختلف ہے، مگر انسانی آزادی اور وقار کے تصورات انہیں عالمی سطح پر ایک مشترکہ فکری روایت سے جوڑتے ہیں جو طبقاتی امتیاز اور اشرافیہ کی بالادستی کے مخالف تھے-
سیاسی نظریات:
اقبالؒ کے سیاسی افکار کا بنیادی مقصد مسلمانوں اور دیگر اقوام کو غلامی سے نجات دلانا اور انہیں سیاسی خود مختاری کی طرف راغب کرنا ہے- اقبالؒ غلامی کو انسانی شخصیت کے زوال کا سبب قرار دیتے ہیں-اقبالؒ کے نزدیک سیاسی آزادی صرف حصول اقتدار کا نام نہیں بلکہ ایک ایسی حالت ہے جس میں انسان اپنی فکری و روحانی صلاحیتوں کو آزادانہ طور پر بروئےکار لا سکے- جیسا کہ فرمایا:
|
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے |
پیٹوفی کے نزدیک آزادی ایک ایسا حق ہے جس کے لیے قربانی دینا ضروری ہے، ان کی شاعری میں انقلاب اور مزاحمت کے جذبات نمایاں ہیں- پیٹوفی کی شاعری براہ راست سیاسی جدوجہد سے وابستہ ہے، وہ ہنگری کی تحریک آزادی 1848ء (Hungarian Revolution )کے اہم ادبی نمائندہ تھے جس نے عوام کو سیاسی بیداری اور مزاحمت کے طرف راغب کیا-پیٹوفی کے نزدیک سیاسی آزادی انسان کے وقار کی ضمانت ہے جبکہ غلامی اور جبر انسانیت کے خلاف ہیں- جیسا کہ وہ اپنی نظم ’’Az apostol‘‘ میں لکھتے ہیں:
’’قوم کو غلامی میں رکھنا کبھی ممکن نہ ہو گا-جب دلوں میں شعور ا ورحریت کی روشنی ہو گی‘‘-
پیٹوفی اشرفیہ اور بادشاہت کے سخت ناقد تھے ، وہ اس بات کے حامی تھے کہ اقتدار کااصل سرچشمہ عوام ہیں- یہ نظریہ یورپی سیاسی فلسفے خصوصاً Jean Jacques Rousseau کے تصورِ عوامی حاکمیت (Popular Sovereignty) سے ہم آہنگ ہے- پیٹوفی کے نظریات میں جمہوری حکومت، عوامی نمائندگی اور مساوی سیاسی حقوق جیسے اصول نمایاں ہیں- ان کی شاعری میں قوم پرستی (Nationalism) کا عنصر موجود ہے جو کہ تنگ نظری پر مبنی نہیں بلکہ آزادی اور انسانی وقار سے جڑا ہے- وہ چاہتے تھے کہ ہنگری ایک آزاد، خود مختار اور جمہوری ریاست بنے-پیٹوفی کی سیاسی فکر صرف نظریاتی نہیں بلکہ عملی بھی تھی- انہوں نے انقلابی تحریک میں براہِ راست حصہ لیا اور آزادی کی جد و جہد میں اپنی جان قربان کر دی- جس کی بدولت وہ آج بھی ہنگری کے’انقلابی شاعر‘ کےطور پر جانے جاتے ہیں-
معاشی نظریات:
اقبالؒ نے اپنی شاعری میں سرمایہ دارانہ استحصال اور معاشی نا انصافی پر تنقید کی ہے- وہ ایک ایسے معاشی نظام کے حامی ہیں جس میں انصاف اور مساوات کو بنیادی حیثیت حاصل ہو- اقبالؒ کے نزدیک معاشی نظام کا مقصدصرف دولت کی پیداوار نہیں بلکہ انسان کی فلاح اور معاشرتی انصاف ہونا چاہیے- وہ محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہیں- جیسا کہ انہوں نے کہا:
|
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر |
پیٹوفی کی شاعری میں بھی معاشی مسائل کا ذکر ملتا ہے، خاص طور پر کسانوں اور مزدوروں کی زندگی کے حوالے سے ان کی شاعری میں ایک ایسا معاشرہ دکھائی دیتا ہے جہاں معاشی استحصال کے خلاف آواز اٹھائی جاتی ہے-پیٹوفی کے نزدیک سیاسی آزادی کے ساتھ ساتھ معاشی آزادی بھی ضروری ہے- وہ ایک ایسے معاشرے کا تصور پیش کرتے ہیں جہاں عوام کو معاشی مواقع برابر میسر ہوں، استحصالی نظام ختم ہو، اور قومی وسائل عوامی فلاح کے لئے استعمال ہوں- پیٹوفی عوام کو جھنجوڑتے ہوئے لکھتے ہیں:
’’اٹھو اے عوام، اپنے حق کے لئے-زمین تمہاری ہے، محنت تمہاری ہے-غلامی نا رہنے دو، ظلم کا تخت نہ بننے دو-بادشاہ اور اشرافیہ کی جبر کی زنجیر توڑ دو‘‘-
پیٹوفی کی فکر میں ریاست اور معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی فلاح کے لئے کام کریں تا کہ غربت کم ہو، وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو اور عام آدمی باعزت زندگی گزار سکے- پیٹوفی کے معاشی نظریات بنیادی طور پر سماجی انصاف، معاشی مساوات اور عوامی فلاح کے اصولوں پر مبنی ہے-
معاشرتی نظریات:
اقبال ؒ کی فکر میں تہذیبی بیداری کو بنیادی اہمیت حاصل ہے- وہ مسلمانوں کو اپنی تہذیبی اور روحانی شناخت کو برقرار رکھنے کی دعوت دیتے ہیں- اقبال کے نزدیک ایک صحت مند معاشرہ وہ ہوتا ہے جو اپنی ثقافتی اقدار اور اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے جدید دور کے چیلنجز کا سامنا کرے- اقبالؒ فرماتے ہیں:
|
سبق پھر پڑھ صداقت کا، عدالت کا ، شجاعت کا |
پیٹوفی کی شاعری ہنگری کی ثقافت اور قومی شناخت کو بہت نمایاں کرتی ہے جو ہنگری کی زبان، روایت اور قومی تشخص کو مضبوط بناتے ہیں- ان کی فکر میں معاشرتی شعور ایک اہم مقام رکھتا ہے- پیٹوفی اپنی ایک نظم ’’If you are a Man, Be a Man‘‘ میں لکھتے ہیں:
’’اگر تو آدمی ہے تو آدمی بن-اپنی قیمت اپنے عمل سے ثابت کر-دل میں حوصلہ رکھ، خوف کو مٹا دے-جس نے کبھی جدوجہد نہ کی، وہ غلام ہے-جواپنے حق کیلئے کھڑا نہ ہو-اس کا وجود بے معنی ہے-اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل-صرف سوچنے سے کچھ نہیں ہوتا‘‘-
پیٹوفی اپنی اس نظم میں ہنگری کے ہر باسی کو باکردار، با عمل اور ذمہ دار شہری بننے پر زور دیتے ہیں- پیٹوفی کی فکر میں وطن سے محبت اور معاشرتی اتحاد ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں- ان کے نزدیک ایک مضبوط قوم اسی وقت وجود میں آ سکتی ہے جب معاشرے کے تمام افراد میں اتحاد، تعاون اور مشترکہ ذمہ داری کا احساس ہو- ان کی شاعری اس بات پر زور دیتی ہے کہ معاشرہ تبھی ترقی کر سکتا ہے جب انسان ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں-
حاصل کلام:
اقبالؒ اور پیٹوفی کی فکر میں کئی اہم مماثلتیں پائی جاتی ہیں:
- دونوں کے ہاں انسانی وقار اور آزادی بنیادی اقدار ہیں-
- دونوں نے شاعری کو سماجی اور سیاسی شعور کی بیداری کا ذریعہ بنایا-
- دونوں کی شاعری نے قومی تحریکوں اور اجتماعی شعور کو متاثر کیا-
تاہم دونوں شعراء کے درمیان فلسفیانہ اختلاف بھی موجود ہے:
- اقبالؒ کی فکر فلسفیانہ اور روحانی بنیادوں پر قائم ہے-
- اقبالؒ کا تصور انسان عالمگیر ہے جبکہ پیٹوفی کا مرکز قومی آزادی ہے-
- پیٹوفی کی شاعری انقلابی اور سیاسی نوعیت کی حامل ہے، جو حصول مملکت پر بنیاد رکھتی ہے-
یہ تقابلی مطالعہ ظاہر کرتا ہے کہ اگرچہ اقبالؒ اور پیٹوفی دومختلف خطوں اور زمانوں کے شاعر ہیں جو مختلف تہذیبی اور تاریخی پس منظر رکھتے ہیں-تاہم ان کی شاعری میں انسانی آزادی، وقار اور اجتماعی بیداری کے مشترک تصورات موجود ہیں- دونوں نے اپنی شاعری کو محض جمالیاتی اظہار تک محدود نہیں رکھا بلکہ قومی بیداری اور اخلاقی تعمیر کا ذریعہ بنایا- جہاں پیٹوفی کی شاعری نے ہنگری کے باسیوں کو شعور کی نمو بخشی وہیں ظلم، غلامی اور استبداد کے خلاف آواز اُٹھانے کی بھی جرأت عطا کی- دوسری طرف اقبالؒ نے مسلمانوں کو فکری و روحانی بیداری کا پیغام دیتے ہوئے خود شناسی، آزادی اور اجتماعی حیات کے تصورات کے ذریعے ایک زندہ اور متحرک امؔت کا تصور پیش کیا- اگر دو لفظی بات کہی جائے تو دونوں شعراء کی فکر کا مرکزی پیغام ایک ہی ہے: انسان کو غلامی، جمود اور نا انصافی کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے اور اپنی آزادی و وقار کیلئے جدوجہد جاری رکھنی چاہیے-
٭٭٭