بائیو کنورجنس : Bio-convergence

بائیو کنورجنس :    Bio-convergence

بائیو کنورجنس : Bio-convergence

مصنف: ندیم اقبال اپریل 2026

دنیا اس وقت جس سائنسی اور فکری دوراہے پر کھڑی ہے، وہاں ٹیکنالوجی صرف مشینوں تک محدود نہیں رہی بلکہ زندگی خود بخود ٹیکنالوجی میں تبدیل ہو رہی ہے- اس انقلابی عمل کو بائیو کنورجنس (Bioconvergence) کہا جاتا ہے-بائیو کنورجنس دو لفظوں کا مجموعہ ہے،  ایک بائیو (Bio)اور دوسرا کنورجنس(Convergence) - لفظی طور پر Bio سے مراد حیات یا زندگی ہے، جبکہ Convergence سے مراد مختلف تعلیمی شعبہ جات کا ایک مرکزی نقطے پر جمع یا اکھٹا ہونا جس میں حیاتیات(Biology)، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیٹا سائنس، نینو ٹیکنالوجی، روبوٹکس اور انجینئرنگ وغیرہ کا باہمی انضمام شامل ہے- یہ محض ایک نئی ایجاد نہیں بلکہ ایک ایسا ہمہ گیر نظام ہے جو انسانی جسم، ذہن، معاشرہ اور معیشت کو ازسرِنو ترتیب دے رہا ہے-

 بائیو کنورجنس(Bioconvergence) ایساعمل ہے جس میں حیاتیاتی ذہین نظاموں کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل اور مادی طرز پرایک نئی سائنسی تخلیق کی جا ئے  جو حقیقت پر مبنی ہو- یہ ٹیکنالوجی محض ایک تصور نہیں بلکہ ایک نیا علمی فریم ورک ہے جو طب، زراعت، صنعت، ماحولیات اور حتیٰ کہ انسانی شعور کے بارے میں ہمارے روایتی تصورات کو تبدیل کررہا ہے- بائیوکنورجنس میں حیاتیات کا ملاپ مصنوعی ذہانت (AI) سے ہوتا ہے تاکہ ڈی این اے(DNA)، جینومکس اور پروٹین ڈیٹا کو سمجھا جا سکے؛ کمپیوٹنگ (Computing) اور بگ ڈیٹا (Big-Data)اس لیے شامل ہیں کہ اربوں حیاتیاتی ڈیٹا پوائنٹس کا تجزیہ ممکن ہوسکے؛ نینو ٹیکنالوجی اس انضمام کو جسم کے اندرونی خلیوں تک لے جاتی ہے- بائیو انجینئرنگ اور روبوٹکس مصنوعی اعضاء، سمارٹ امپلانٹس (Smart-Implants) خودکار علاج کا طریقہ کار تشکیل دیتے ہیں جہاں بائیو کنورجنس محض علاج یا سہولت نہیں بلکہ زندگی میں قابلِ عمل پروگرامنگ (Programmable Life) دیکھنے کا زاویہ نظر مہیا کرتی ہے-

جدید تحقیق کے مطابق، شخصی طب (Personalized Medicine)، ڈیجیٹل ہیومن ٹوئنز، جینیاتی ترمیم (CRISPR)، لیب میں تیار کردہ گوشت(Lab Grown Meat)اور حیاتیاتی فیکٹریاں سب اس کی عملی شکلیں ہیں، جن میں بیماری کا علاج علامات پر نہیں بلکہ اس کے حیاتیاتی سبب پر کیا جاتا ہے- فکری اعتبار سے بائیو کنورجنس اس سوال کو جنم دیتی ہے کہ انسانی مشین میں حیات کی سرحد کہاں تک ہے؟ اور یہی سوال محض ایک  سائنسی نہیں بلکہ اخلاقی، سماجی اور فلسفیانہ بحث کا مرکز بھی بنتا ہے- عالمی تحقیقی ادارے بائیو کنورجنس کو آئندہ دہائیوں کی بنیادی ٹیکنالوجی قرار دے رہے ہیں، کیونکہ یہ عمل نہ صرف صحت کے نظام کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ انسانی صلاحیت، پیداواری ڈھانچوں اور حتیٰ کہ ارتقا کے قدرتی عمل میں بھی مداخلت کا امکان رکھتا ہے-

بائیو کنورجنس(Bioconvergence) کی ضرورت کیوں ؟

آج کاانسان ایسی صدی سے تعلق جوڑے ہوئے ہے جہاں صحت کے بحران، آبادی میں اضافہ، وبائی امراض، ماحولیاتی دباؤ اور وسائل کی کمی جیسے مسائل کو روایتی طریقوں سے حل کرنے کی کوشش ہو تی رہی ہے- بائیو کنورجنس کی بنیادی ضرورت اُس وقت پیش آتی ہے جب ان  مسائل کو ایک مربوط نظام کے طور پردیکھاجائے - آج کی بیماری محض ایک میڈیکل مسئلہ نہیں بلکہ ڈیٹا، جینیات، ماحول اور طرزِ زندگی کا گٹھ جوڑ ہے-اسی لیے جدید دنیا کو ایسی ٹیکنالوجی درکار ہے جو حیاتیات کو ڈیجیٹل ذہانت، کمپیوٹنگ اور انجینئرنگ  کے ساتھ مل کر قابلِ عمل حل فراہم کرے-ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ مستقبل میں صحت کی دیکھ بھال، بیماریوں کی پیشگی تشخیص اور علاج کی شخصی نوعیت (Personalized Medicine) صرف اسی صورت ممکن ہے جب انسانی جسم کو قابلِ تجزیہ ،ڈیٹا سے جُڑے اور قابلِ عمل پروگرام کے طور پر سمجھا جائے اور یہی کام بائیو کنورجنس سر انجام دیتی ہے -

بائیوکنورجنس(Bioconvergence) کا مختلف فیلڈز میں استعمال:

بائیو کنورجنس سےصحت کا روایتی نظام بدل رہا  ہے- جس کی وجہ سے بیماریوں کی نشاندہی ان کے ظاہر ہونے سے پہلے کر لی جاتی ہے- AIمحرک ماڈلز اور CRISPR ٹیکنالوجی نے زندگی کو کوڈ کرنا/جین ایڈیٹنگ کا تصور حقیقت میں بدل دیا  جس سے اب DNA کے مخصوص حصوں کو منتخب کر کے ان میں تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں- نینو بائیو ٹیکنالوجی کے ذریعے بننے والے نینو ذرات انسانی نظام  میں پہنچ کر ادویات کی فراہمی اور بائیو سینسنگ کے ذریعےمخصوص بیماریوں کو ٹارگٹ کر سکتے ہیں-

دماغ اور مشین کا ملاپ یعنی انٹرفیس (BCI) ایسی ٹیکنالوجی ہے جو انسانی دماغ کے نیورل سگنلز کو براہِ راست مشینوں یا کمپیوٹر سسٹمز سے جوڑ کر معذور افرادکےبائیونک اعضاء سے جسم کو  حرکت دینے اور بولنے جیسی صلاحیت فراہم کر سکتے ہیں  -بائیو روبوٹکس میں روبوٹ انسانی پٹھوں اور ٹشوز سے متاثر ہو کر بنائے جا رہے ہیں یہ نہ صرف حرکت میں لچکدار ہوتے ہیں بلکہ انسانی بافتوں سے ملتی جلتی حَسَّاسِیَّت بھی رکھتے ہیں جو میڈیکل، صنعتی اور سروس روبوٹکس میں انقلاب برپا کر رہے ہیں-

بائیو کنورجنس نے خوراک کی پیداوار کو روایتی نظام سے نکال کر لیبارٹری میں منتقل کیا ہے- لیبارٹری میں تیارہونے والاگوشت (Lab Grown Meat) اور مصنوعی غذائیں بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں اور ان کے متعلق ماہرین کا دعویٰ ہے کہ یہ ماحول دوست بھی ہیں- بائیو کنورجنس ماحولیاتی شعبے میں پائیدار اور بائیو ڈیگریڈیبل حل فراہم کر رہی ہے  -[1]

روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والی اسمارٹ واچز، گلوکوز مانیٹرز اور دل کی دھڑکن ناپنے والے آلات دراصل بائیوکنورجنس کی عملی مثالیں ہیں، جہاں بائیولوجیکل سگنلز، الیکٹرانکس اور AI مل کر صارف کو حقیقی وقت میں صحت کی معلومات فراہم کرتے ہیں -متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں بائیوکنورجنس اب قومی صحت پالیسی کا حصہ بن چکی ہے- ابوظہبی نے باقاعدہ ’’Declaration of Principles on Bioconvergence‘‘ جاری کیا ہے تاکہ AI، نینو میڈیسن اور جینومکس کو عوامی صحت میں محفوظ اور مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے  -[2]

پاکستان میں بائیو کنورجنس کا استعمال:

پاکستان میں بائیو کنورجنس (بائیو ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ )کے شعبوں کو یکجا کر کے زراعت، صحت اور توانائی کے شعبوں میں بہتری لائی جا رہی ہےپاکستان میں مختلف ادارے زرعی پیداوار بڑھانے، ویکسین کی تیاری، اور بائیو گیس کے ذریعے توانائی کا پائیدار حل فراہم کرنے میں اہم خدمات سر انجام دے رہے ہیں-

پاکستان میں بائیو کنورجنس کو زراعت، توانائی، ماحولیات،  صحت اور فارماسوٹیکل میں استعمال کیا جارہا ہے- زراعت میں بائیوٹیکنالوجی کے ذریعے بیماریوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والی فصلوں (مثلاً بی ٹی کاٹن) کی اقسام تیار کی جا رہی ہیں، جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور فوڈ سیکیورٹی میں مزید بہتری ہو رہی ہے- توانائی حاصل کرنے کیلئےدیہی علاقوں میں فضلے سے بجلی اور ایندھن پیدا کرنے کے لیے اینیروبک ڈائجسٹرز (Anaerobic Digesters) اور بائیو گیس ری ایکٹرز کا استعمال کیا جا رہا ہے- ماحولیاتی تحفظ کے لیے صنعتی اور سیوریج کے گندے پانی کو صاف کرنے کیلئے بائیو فلڑز (Bio-filters) کا استعمال بڑھایا جا رہا ہے- جبکہ صحت اور فارماسیوٹیکل کے شعبے میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تحت ادارے ویکسین اور تشخیصی کٹس (Testing Kits) بنانے پر تحقیق کر رہے ہیں، جو مقامی سطح پر صحت کی سہولیات کو بہتر بنا رہے ہیں-اگرچہ پاکستان میں اس شعبے کا بہت پوٹینشل موجود ہے، تاہم اس کے تکمیل کا حصول مالیت، پالیسی اور عدم دلچسپی کی وجہ سے سست روی کا شکارہے-

بائیو کنورجنس پر سرمایہ کاری کرنے والے ممالک :

دنیا کے 25 سے 30 ممالک بائیو کنورجنس کو قومی ترجیح کے طور  پر  اپنائے ہوئے ہیں، مگر چند ممالک اس میدان میں واضح برتری حاصل کر چکے ہیں- امریکہ کو بائیو کنورجنس کا عالمی رہنما سمجھا جاتا ہے، جہاں 2022ء میں باقاعدہ نیشنل بائیو کنورجنس پروگرام شروع کیا گیا، جس میں اگلے دس برسوں میں تقریباً 610 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے-جبکہ چین، جاپان، جنوبی کوریا اور بھارت ایشیا میں بائیو کنورجنس کو صحت، ادویات اور ڈیجیٹل ہیلتھ میں تیزی سے نافذ کر رہے ہیں -[3]  مشرقِ وسطیٰ میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بائیو کنورجنس کو صحت کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی بنانے کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جس کے عملی نتائج روبوٹک سرجری، جینومکس اور پرسیژن میڈیسن کی صورت میں سامنے آ چکے ہیں  -[4] مجموعی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ بائیو کنورجنس اب تجرباتی مرحلے سے نکل کر ادارہ جاتی اور قومی سطح کی حقیقت بن چکی ہے اور جو ممالک آج اس میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں وہ آنے والی دہائی میں طبی، صنعتی اور فکری برتری حاصل کریں گے-

بائیوکنورجنس کے چیلنجز :

بائیوکنورجنس(Bioconvergence) اگرچہ نئی زندگی،  ذاتی علاج اور ماحولیاتی بہتری جیسے بے شمار فوائد فراہم کرتی ہے، اس کے نقصانات بھی حقیقی، قابلِ پیمائش اور دنیا کے مستقبل کے لیے خطرناک ہو سکتے ہیں- جدید تحقیق واضح کرتی ہے کہ جیسے جیسے مصنوعی ذہانت (AI) اور حیاتیاتی سائنسز (Biological Science) کا امتزاج جسے بعض سائنسی زبان  میں’’AIxBio‘‘[5] بھی کہا جاتا ہے جس میں بائیو ٹیکنالوجی،  سِنتھیٹک بائیولوجی (Synthetic Biology) اور جینیاتی انجینئرنگ(Genetic Engineering) کے استعمال  میں اضافہ تو ہوا لیکن فائدہ مند تحقیق کے ساتھ ساتھ نقصان دہ بائیولوجیکل ایجنٹس(Biological agents) یا ٹاکسنز (Toxins) بھی تشکیل پا سکتے ہیں جن کا ارادہ  شدہ (Decided)  یا غیر ارادہ شدہ(Undecided) انسانی نقصان ممکن ہے- یعنی حیاتیاتی آؤٹ پٹس جیسے نئے وائرس، زہریلے بیکٹیریا یا جینیاتی طور پر تبدیل شدہ مائیکرو اورگنزمز(Micro-Organisms) جو فطری بقا اور حیاتیاتی توازن کو بگاڑ سکتے ہیں- یہ خطرات عالمی حیاتیاتی حفاظت کے لیے اتنے سنگین ہیں کہ نیوکلیئر اسلحے کے بعد سب سے بڑے بائیو سیکیورٹی (Bio-Security) چیلنجز کے طور پر تسلیم کیے جا رہے ہیں اور ماہرین کہتے ہیں کہ موجودہ ضابطے اس رفتار سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کا مؤثر طور پر مقابلہ نہیں کر سکتے- عام AI مال بول ماڈلز(Mall-Boll-Models) اور خودکار بایو ڈیزائن ٹولز سے ہتھیاروں جیسی خصوصیات رکھنے والے خطرناک پروٹینز یا زہریلے مرکبات بنانے کے امکانات تک کے بارے میں تحقیقی مقالے شائع ہو چکے ہیں، جس میں ماڈلز نے سینکڑوں ایسے نئے زہریلے پروٹینز اور مرکبات تیار کیے جو معروف زہریلے ایجنٹس سے مشابہت رکھتے تھے-اور یہی ’’دوہری استعمال‘‘کا سب سے بڑا ثبوت ہے جس کی وجہ سے بائیو کنورجنس آؤٹ پٹس نہ صرف انسانی جاندار بلکہ دیگرجاندار مثلاً پودوں، مٹی میں بیکٹیریا، کیڑوں اور آبی حیات کے لیے بھی غیر متوقع اور ناقابلِ واپسی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں-اس کے علاوہ CRISPR جیسے جینیاتی ایڈیٹنگ ٹولز کے غلط یا بے قابو استعمال سے نسلی، جینیاتی عدم مساوات، ڈیزائنر بچے اور ناقص جینیاتی مداخلت جیسے نتائج جنم لے سکتے ہیں جو نہ صرف اخلاقی بحران ہیں بلکہ فطری ارتقا کی غیر معمولی مداخلت بھی تصور کیے جاتے ہیں-ماحولیاتی نقطۂ نظر سے اگر جینیاتی طور پر تبدیل شدہ اقسام قدرتی آبادیوں میں پھیل گئیں تو ان سے حیاتیاتی تنوع کمزور، پیداواری نظام متاثر اور خوراک و صحت کے سسٹمز غیر مستحکم ہو سکتے ہیں-خاص طور پر جب دنیا بھر کے موجود ضابطے، عالمی معاہدے یا بین الاقوامی اخلاقی فریم ورکس ان نئے خطرات کو مؤثر انداز میں نہ سنبھال سکیں-لہٰذا  جیسے جیسے بائیو کنورجنس میں جدت لائی جا رہی ہےاسی رفتار سے سخت سیکورٹی پروٹوکول، متفقہ عالمی ضابطہ کاری، شفاف تحقیق اور اخلاقی قیادت کو مضبوط ہونے کی ضرورت ہے-وگرنہ مستقبل میں انسانوں اور دنیا بھر میں رہنے والے جانداروں کی زندگی بشمول انسان، حیوانات، پودے اور ماحولیاتی نظام ممکنہ طور پر غیر متوقع بائیولوجیکل آفات، وبائیں، جینیاتی نقصان اور حتیٰ کہ ایکوسسٹم (Ecosystem)کی تباہی جیسے خطرے لاحق ہوسکتے ہیں-[6]

٭٭٭

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر