نعتِ رسول مقبولﷺ

نعتِ رسول مقبولﷺ

تری شان کی نہیں کوئی حد صلو علیہ و آلہٖ
کوئی ماپ سکتا نہیں یہ قد صلو علیہ و آلہٖ

مرے دل میں آپ کا عشق ہو میری سانس صلِ علٰی کہے

مری روح بولے اَحد اَحد، صلو علیہ و آلہٖ

ترا عشق جس کو عطا ہُوا وہ زمانے بھر سے جُدا ہُوا
ہوئی روشن اُس کی بہت لحد صلو علیہ و آلہٖ

وہ جو آپ سے نہ وفا کریں  جو ادب کا پہلو قضا کریں
اُنہیں کر رہا ہے خدا بھی رَد، صلو علیہ و آلہٖ

میرے آقا خاتمِ انبیاء ، میرے آقا خاتمِ مرسلیں
سبھی دعوے باقی ہیں مسترد، صلو علیہ و آلہٖ

تیرے فیصلے سبھی معتبر، تیرا ہر سخن بڑا بااثر
ترا حرف حرف ہے مستند، صلو علیہ و آلہٖ

یہی آرزو ہے فقیر کی ترے دَر کے ٹکڑے نصیب ہوں
یہی رزق ہو میرا تا ابد، صلو علیہ و آلہٖ

وہ بنے ہے جامئ باصفا ، وہی ہو گا رومئ باحیا
ترے در سے جس کو ملے سند، صلو علیہ و آلہٖ

٭٭٭ 

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر