اقتباس

اقتباس

اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:

’’افلا یتدبرون القران ط ولو کان من عند غیر اللہ لوجدو فیہ اختلافا کثیرا‘‘

’’تو کیا غور نہیں کرتے قرآن میں اور اگر وہ غیر خدا کے پاس سے ہوتا تو ضرور اس میں بہت اختلاف پاتے‘‘- (النساء:82)

رسول کریمﷺ نے ارشاد فرمایا:

’’ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہ (ﷺ)نے ارشادفرمایا:جوشخص قرآن مجید میں ماہر ہو وہ ان فرشتوں کے ساتھ رہتاہے جو معزز اوربزرگ ہیں اور جس شخص کو قرآن پاک پڑھنے میں دشواری ہوتی ہے اوروہ اٹک اٹک کر پڑھتا ہے، اس کو دو اجرملتے ہیں‘‘- (صحیح مسلم ،کتاب فضائل القرآن)

فرمان سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒ :

’’سیدنا رسول اللہ (ﷺ)نے ارشادفرمایا :ان قلوب پر بھی زنگ آجاتاہے اورقرآن پڑھنا،موت کو یاد کرنا اور وعظ کی مجلسوں میں حاضر ہونا ان کے لیے صیقل (زنگ کا دورہونا)ہے- دل زنگ آلود ہو جاتا ہے -پس اگر صاحب نے اس کا تدارک کرلیا (اس طرح )جس طرح رسول اللہ (ﷺ)نے ارشاد  فرمایا تو بہتر ہے ورنہ وہ زنگ سیاہی بن جاتا ہے اورقلب سیاہ ہو جاتاہے اورنور سے دور ہونے کے سبب کالا پڑجاتاہے-دنیاکو محبوب سمجھنے اورتقویٰ کے بغیر اس (دنیا) کے جمع کرنے پر حریص ہونے سے دل سیاہ ہو جاتا ہے-کیونکہ دنیا کی محبت جس کے دل میں جگہ پکڑتی ہے اس کا تقویٰ جاتا رہتا ہے اور وہ دنیا جمع کرنے لگتاہے خواہ حلال ہویا حرام -اس کے جمع کرنے میں اس کی (حلال وحرام کی)تمیز اٹھ جاتی ہے اور اللہ عزوجل اور اس کے ملاحظہ سے اس کا شرمانا جاتا رہتا ہے -صاحبو!اپنے نبی مکرم(ﷺ)کے ارشادکوقبول کرو اور اپنے دلوں کے زنگ اس دوا سے دورکردو جوآپ (ﷺ) نے تم پرظاہرفرمادی  ‘‘- (الفتح الربانی)

فرمان سلطان العارفین حضرت سلطان باھوؒ:

اللہ پڑھیوں پڑھ حافظ ہویوں ناں گیا حجابوں پردا ھُو
پڑھ پڑھ عالم فاضل ہویوں بھی طالب ہویوں زر دا ھُو
سیئے ہزار کتاباں پڑھیاں پر ظالم نفس نہ مردا ھُو
باجھ فقیراں کِسے نہ ماریا باھُو ایہو چور اندر دا ھُو (ابیاتِ باھو)

فرمان قائداعظم محمد علی جناح ؒ:

ایمان ، اتحاد، تنظیم

’’آئیے ہم واپس چلیں اوراپنی کتاب مقدس ،قرآن کریم اورحدیث اور اسلام کی عظیم روایات سے رجوع کریں،جن میں ہماری رہنمائی کے لیے ہرچیز موجود ہے-ہم ان کی درست طور پرتاویل  وتعبیر کریں اوراپنی عظیم کتاب مقدس،قرآن کریم کااتباع کریں‘‘- (اورینٹ پریس آف انڈیا،دی ڈان ،6 مارچ 1946ء)

فرمان علامہ محمد اقبال ؒ:

اے مسلماں! ہر گھڑی پیش نظر
آیہ ’’لا یخلف المیعاد‘‘ رکھ 
یہ ’’لسان العصر‘‘ کا پیغام ہے
’’ان وعد اللہ حق‘‘ یاد رکھ (بانگِ درا)

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر