مسئلہ فلسطین : قائداعظم کی نظر میں

مسئلہ فلسطین : قائداعظم کی نظر میں

مسئلہ فلسطین : قائداعظم کی نظر میں

مصنف: ایس ایچ قادری ستمبر 2014

فلسطین دُنیا کے قدیم ترین ممالک میں سے ایک ہے- یہ اس علاقہ کا نام ہے جو لبنان اور مصر کے درمیان تھا جس کے بیشتر حصے پر اب اسرائیل کی ریاست قائم کی گئی ہے- در بدر خوار پھرنے والے یہودیوں کی فلسطین کی جانب نقل مکانی 17 ویں صدی کے اواخر میں شروع ہو گئی تھی- بیسویں صدی عیسوی کے آغاز میں برطانوی یہودیوں نے پہلا صہیونی بنک قائم کیا جس نے اپنے لوگوں کو روپے فراہم کیے جس سے انہوں نے فلسطین میں زرعی زمینیں خریدنا شروع کردیں- یہ وہ وقت تھا جب برطانیہ نے فوجی قوت کے بل بوتے پر فلسطین کے اندر ایک ایسی ریاست کی بنیاد ڈالنی شروع کردی جس کا آغاز ہی ظلم تھا-

۱۹۴۸ء سے پہلے یہ تمام علاقہ فلسطین کہلاتا تھا جو خلیفہ ثانی حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے دور میں فتح ہوا پھر صلاح الدین ایوبی کی فتح کے بعد خلافت عثمانیہ میں رہا مگر بعد میں انگریزوں اور فرانسیسیوں نے اس پر قبضہ کرلیا- چار صدیوں تک عثمانیوں کی حکمرانی میں رہنے والے اس خطے کو ۱۹۱۷ء میں برطانیہ نے اپنی تحویل میں لے لیا اور اعلان بالفور کے ذریعہ یہودیوں کے لئے ایک قومی ریاست کے قیام کا وعدہ کیا -

۱۹۴۷ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد کے ذریعہ فلسطین کو تقسیم کرکے ایک عرب اور ایک اسرائیلی ریاست قائم کرنے کا اعلان کر دیا- برطانیہ نے اس علاقے سے ۱۹۴۸ء میں اپنی افواج واپس بلالیں اور ۱۴ مئی ۱۹۴۸ء کو اسرائیل کی آزاد حکومت کے قیام کا اعلان کر دیا گیا- ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ اس کے ساتھ ہی فلسطینی ریاست بھی قائم کر دی جاتی لیکن ایسا نہ ہوا-

اسرائیل کے قیام کے پیچھے برطانیہ کا سب سے زیادہ ہاتھ تھا کیونکہ جنگ عظیم اوّل میں جب یہودیوں نے دیکھا کہ اتحادی جنگ جیت رہے ہیں تو انھوں نے اتحادیوں کو خصوصاً برطانیہ کو مختلف حیلوں بہانوں سے فلسطین میں ایک یہودی ریاست کے قیام پر آمادہ کیا -

برطانیہ کی پہلے ہی نظر مشرق وسطیٰ کے تیل کے ذخائر پر تھی سو اس نے جاتے جاتے ایک ایسی ریاست مشرق وسطیٰ میں اپنے مفادات کے تحفظ کی خاطر قائم کر گیا جو آج تک فلسطینی عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے- فلسطین تو کیا پورے عرب کو بھی آج تک حقیقی آزادی نصیب نہ ہوسکی- وہ اقتصادی طور پر اسرائیل و امریکا کے ہی غلام ہیں کیونکہ دنیا کی معیشت پر ان صہیونیوں کا قبضہ ہے-

قائدِ اعظم اور آل انڈیا مسلم لیگ ہمیشہ فلسطین کی آزادی کے لیے آواز اٹھاتے رہے- فلسطین کی حمایت میں ۱۹۳۳ء سے ۱۹۴۶ء تک اٹھارہ قرار دادیں منظور کی گئیں- پورے برصغیر میں آل انڈیا مسلم لیگ باقاعدگی کے ساتھ یومِ فلسطین پر سیاسی سرگرمیوں کا انعقاد کرکے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی رہی- ۲۳ مارچ، ۱۹۴۰ء کو قرار دادِ لاہور منظور کی گئی جو قرار دادِ پاکستان کہلاتی ہے، اس تاریخی موقع پر بھی فلسطین کے ساتھ یکجہتی کی قرار داد  منظور کی گئی- عہدِ قائد اعظم میں صیہونیت کی پشت پناہی کے لیے چونکہ برطانیہ صفِ اوّل میں کھڑا تھا اس لیے قائدِ اعظم محمد علی جناح جہاں برّصغیر پاک و ہند کے مسلمانان کی آزادی کی جنگ لڑ رہے تھے وہیں جدوجہدِ آزادیٔ فلسطین کے لیے بھی مسلسل تگ و دو کر رہے تھے کیونکہ ملّت کا پاسبان ہونے کے ناطے پوری امّتِ مسلمہ کا غم آپ کی رگ و پے میں سرایت کیے ہوئے تھا- آپ نے عالَمِ عرب کی حریت کی خاطر جو جدوجہد کی اس کا اعتراف خود عرب لیڈروں نے بھی کیا- فلسطین کے موجودہ حالات کے تناظر میں یہاں قائد اعظم کی آزادیٔ امتِ مسلمہ کے لیے کی جانے والی جدجہد کے آخری دس سالہ بیانات کے اقتباسات پیش کیے جاتے ہیں جس سے اندازہ ہوگا کہ فلسطین کے جو حالات آج ہیں وہ قائد کے عہد میں بھی موجود تھے لیکن قائد اعظم نے اس درد کو جس کرب کے ساتھ محسوس کیا آج ہم اس کے احساس سے ہی محروم ہوگئے ہیں اور یہی ہماری اصل ناکامی ہے بقول اقبال:

وائے ناکامی متاعِ کاررواں جاتا رہا

کاررواں کے دل سے احساسِ زیاں جاتا رہا

آئیے! مسئلہ فلسطین پر قائد اعظم کے درد کو محسوس کرنے کی سعی کرتے ہیں:-

فلسطین رپورٹ عربوں کے ساتھ سخت نا انصافی ہے:-

بمبئی، ۱۱جولائی، ۱۹۳۷ء کو قائدِ اعظم محمد علی جناح ، صدر آل انڈیا مسلم لیگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ

 ’’فلسطین رپورٹ عربوں کے ساتھ بے حد شدید نا انصافی کرتی ہے اور اگر برطانوی پارلیمان نے اس پر اپنی مہرِ تصدیق ثبت کردی تو برطانوی قوم عہد شکنی کی مرتکب ہوگی‘‘ -

 آپ نے مزید کہا کہ

 ’’ایسا کام کرنا جو سراسر نا انصافی پر مبنی ہوغلط ہوتا ہے اور صرف اس لیے کہ اس سے زحمت کم سے کم ہوجائے گی، یا یہ خصوصی مفاد کے حسبِ حال ہے- برطانیہ کو اپنے عہد بے خوفی کے ساتھ پورے کرنے چاہیں- ‘‘(دی ٹائمز، ۱۲جولائی۱۹۳۷ء)

مسئلہ فلسطین پر مسلم کانگرس میں مسلم اراکین مجالس قانون ساز کو شرکت کی دعوت:-

نئی دہلی، ۷ ستمبر، ۱۹۳۸ء آپ کو پارلیمانی کمیٹی برائے دفاع ِ فلسطین، قاہرہ کے دفاتر سے ایک مکتوب موصول ہوا ہے جس میں ہند کی مجالس قانون ساز کے مسلم اراکین کو مسلم کانگرس کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی - مسلم کانگرس ماہِ اکتوبر کے دوران قاہرہ میں منعقد ہوئی جس میں مسئلہ فلسطین پر غور کیا گیا- آپ نے ایک بیان میں ہندوستان کی مختلف مجالس قانون کے مختلف اراکین سے کہا کے کہ جو لوگ اس کانگرس میں شرکت کے متمنی ہوں وہ مجھے اطلاع دیں تاکہ انہیں باضابطہ دعوت نامے جاری کیے جاسکیں- اپنے بیان میں فرماتے ہیں:

مجھے پارلیمانی کمیٹی برائے دفاعِ فلسطین کے دفتر قاہرہ سے حسب ذیل مکتوب مورخہ ۲۴، اگست موصول ہوا ہے:

’’مسئلہ فلسطین کے بارے میں آپ کی مساعی جمیلہ اور جوش و خروش کا بہت بہت شکریہ- ہم امید کرتے ہیں کہ اس کے حل کے ضمن میں بہت جلد اچھے نتائج برآمد ہوں گے- ہمیں مسٹر صدیقی کی جانب سے ایک خط موصول ہونے پر بڑی مسرت ہوئی کہ وہ کانگرس کی جانب سے مقرر کردہ کمیٹی کے لیے آپ کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں- ہمیں امید ہے کہ آپ ہند کی مختلف مجالس قانون ساز کے مسلم اراکین سے اس کانگرس میں شرکت کے لیے کہیں گے تو آپ کو یقینا کامیابی ہوگی- ہم آج کل دعوت نامے تیار کررہے ہیں جو ہفتہ بھر میں تقسیم کے لیے تیار ہوجائیں گے- ہم تقریبا دو سو دعوت نامے ہند میں اپنے بھائیوں میں تقسیم کے لیے آپ کی خدمت میں ارسال کریں گے- عزت مآب علوبہ پاشا ستمبر کے پہے ہفتے میں قاہرہ واپس تشریف لا رہے ہیں تاکہ وہ یہاں سے اپنی مساعی جاری رکھ سکیں- ہم آپ کے جوش و جذبہ اور ہمت پر انحصار کررہے ہیںکہ آپ مختلف مجالس قانون ساز کے مسلم اراکین کی بڑی سے بڑی تعداد کو اس کانگرس میں شرکت کے لیے آمادہ کر لیں گے- بسُرعت بہت سرگرم کام کی ضرورت ہے کیونکہ ہمارے پاس وقت بہت کم ہے- کانگرس چالیس دن کے اندر اندر منعقد ہوجائے گی- آپ کا بہت بہت شکریہ- امید ہے کہ ہم آپ کی عظیم مساعی کے ثمر آور نتائج دیکھ سکیں گے-‘‘

اس خط کے تذکرے کے بعد قائد اعظم نے فرمایا:-

’’مختلف مجالسِ قانون ساز کے مسلم لیگ پارٹیوں کے اراکین جو قاہرہ میں منعقد ہونے والی کانگرس میں شرکت کے خواہش مند ہیں وہ اعزازی سیکرٹری آل انڈیا مسلم لیگ کے مرکزی دفتر دہلی سے رابطہ قائم کریں گے تاکہ باضابطہ دعوت نامے جیسے ہی موصول ہوں ان کی خدمت میں ارسال کئے جاسکیں- امکان ہے کہ کانگرس اکتوبر کے اوائل میں منعقد ہوگی- ‘‘ (دی ٹری بیون، ۸ ستمبر،۱۹۳۸ء)

قائد اعظم نے سندھ مسلم لیگ کانفرنس میں خطبہ صدارت دیتے ہوئے کَہَا:-

کراچی، ۸، اکتوبر، ۱۹۳۸ء

’’جہاں تک فلسطین کے المیے کا تعلق ہے جو فی الوقت جاری ہے اور انتہائی بے رحمانہ طریقے سے عربوں پر ظلم کیا جارہا ہے کیونکہ وہ اپنے ملک کی آزادی کی خاطر جدوجہد میں مصروف ہیں- مجھے آپ کو یہ بتانے کی بمشکل ہی ضرورت ہوگی کہ ہمارے پاس ایسے قائل کرنے والے ثبوت موجود ہیں اور جن کا ہند کے طول و عرض میں مظاہرہ کیا گیا کہ عربوں کی دلیرانہ اور قابلِ تعریف جدوجہد میں جو وہ جملہ مخالفت کے باوجود اور بغیر کسی دفاع کے کر رہے ہیں، ہر مسلمان کا دل ان کے ساتھ ہے- آل انڈیا مسلم لیگ کونسل کی قرار داد کے مطابق سارے ہندوستان میں ۲۶، اگست کو ’’یومِ فلسطین‘‘ منایا گیا اور اطلاعات کے مطابق بلا مبالغہ کہہ سکتا ہوں کہ سارے ملک میں ہزار ہا جلسے منعقد ہوئے جن میں ان لوگوں کے ساتھ پوری پوری مخلصانہ ہمدردی کا اظہار کیا گیا جو اپنے ملک کی آزادی کی خاطر لڑ رہے ہیں- مسلمانوں کے دل زخمی اور مجروح ہوجاتے ہیں جب وہ بہادر عربوں پر ظلم و تعدی اور بے رحمی کی خبر اور اس کی تفصیلات سنتے ہیں اور مجھے علم ہے کہ کُل عالَمِ اسلام وہاں برطانیہ کے افعال دیکھ رہا ہے-

میں آپ کو یہ اطلاع دے سکتا ہوں کہ مسلم لیگ کونسل نے ۳۰ جولائی ۱۹۳۸ء کے اجلاس میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی کہ وہ اس سوال پر غور کرے کہ ایک باضابطہ وفد بیرونی ممالک بھیجا جائے بالخصوص فلسطین اور انگلستان - کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ غور کرے کہ کن طریقوں اور ذریعوں سے حکومت برطانیہ پر موثر دبائو ڈالا جائے- اس کمیٹی کا حال ہی میں بدایوں میں اجلاس ہوا جس میں مصری پارلیمانی کمیٹی برائے دفاعِ فلسطین کی دعوت کے جواب میں آل انڈیا مسلم لیگ کے پانچ نمائندے منتخب کئے گئے تاکہ وہ عرب اور مسلم ممالک کی پارلیمانی کانگرس میں شرکت کر سکیں- کانگرس کا اجلاس ۷، اکتوبر ۱۹۳۸ء سے قاہر ہ میں شروع ہورہا ہے جس میں فلسطین کی موجودہ صورت حال پر غور کیا جائے گا- پانچ میں سے ہمارے تین نمائندے مسٹر خلیق الزمان، مسٹر عبد الرحمن اور مولانا مظہر الدین پہلے ہی ہند سے قاہرہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں- مزید، مصری پارلیمانی کمیٹی کی ہدایات کے مطابق ہم نے یہ اعلان کردیا تھا کہ اگر کسی مجلس قانون ساز کا کوئی مسلم لیگی رکن اس کانگرس میں شرکت کرنا چاہے تو اس امر کی اطلاع کر دے تاکہ سیکرٹری آل انڈیا مسلم لیگ اُن کے نام دعوت نامہ جاری کردیں- اب ہم اس کانگرس کے زیرِ غور آنے والے امور اور فیصلوں کا انتظار کریں گے اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آل انڈیا مسلم لیگ کے اختیار میں جو کچھ بھی ہوا وہ فلسطین میں عربوں کے مقصدِ عظیم کے ضمن میں مدد کرے گی-‘‘ (کراچی، ۸، اکتوبر، ۱۹۳۸ء ،سندھ مسلم لیگ کانفرنس میں خطبہ صدارت دیتے ہوئے )

محترم قارئین! اس خطاب سے آپ اندازہ کریں کہ برصغیر میں مسلمانوں کی حکومت بھی نہیں تھی بلکہ مسلمان اپنی آزادی کی جد و جہد میں مصروف تھے لیکن پھر بھی قائد اعظم نے فلسطین کے لیے آواز بلند کی اور برطانیہ کے دورِ حکومت میں ہی ہزار ہا جلسے منعقد کرکے فلسطین سے مخلصانہ اظہارِ ہمدردی کیا گیا - خواص کی بے حسی قابلِ فہم ہے لیکن ہم عوام کی خاموشی سمجھ سے بالا تر اور ناقابلِ برداشت ہے جبکہ آج فلسطین میں صیہونیت کے انسانیت سوز مظالم پر غیر مسلم برادری بھی سراپا احتجاج ہے-

قائد اعظم نے مسئلہ فلسطین کے بارے  ایک بیان میں عرب قائدین اور ہمسایہ ریاستوں کو اتنباہ کیا:-

بمبئی،۱۰ نومبر، ۱۹۳۸ء کو قائد اعظم نے اس خیال کا اظہار کیا کہ مسلمانانِ ہند پختہ طور سے اس جدوجہد کے ساتھ ہیں جو عرب فلسطین میں اپنی آزادی کے لئے کر رہے ہیں- ہِز میجسٹی کی حکومت کی جانب سے مسئلہ فلسطین پر حکمتِ عملی کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے آپ نے فرمایا:

’’میں محسوس کرتا ہوں کہ فلسطین کے عرب قائدین اور ان کی ہمسایہ ریاستیں معاملے سے نمٹنے کے لیے ایک ہندی کے مقابلے میں ’جو اتنے فاصلے پر بیٹھا ہے‘ کہیں زیادہ اہل ہوں گی چونکہ وہ (عرب قائدین) نہ صرف پورے طور سے اہل ہیں بلکہ موقع پر ہونے کی وجہ سے صورتِ حال کو بہتر سمجھ سکتے ہیں- لہٰذا میں اس مرحلے پر کوئی ٹھوس نوعیت کی تجویز پیش کرنے کی جسارت نہیں کروں گا بلکہ اس امر کو واضح کروں گا کہ مسلمانانِ ہند پختہ طور سے اس جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں جو عرب اپنی آزادی کے لیے چلا رہے ہیں- ان (مسلمانانِ ہند) کے محسوسات اور جذبات بار بار حکومتِ برطانیہ کو پیش کیے جاچکے ہیں----- میری رائے میں برطانیہ کو عربوں سے عہد شکنی نہیں کرنی چاہیے تھی اور بہت پہلے عربوں کو موعود (وعدہ کی گئی) آزادی دے دینی چاہیے تھی- مزید یہ بہت ظالمانہ بات تھی کہ یہودیوں کو، ان کے زیرِ اثر، بیرونی اقوام کے اشارے پر، کوڑے کرکٹ کی طرح فلسطین میں پھینک دینے کی کوشش کی جائے اور اس طرح خود یہودیوں کے لیے بھی از حد قابلِ رحم صورت حال پیدا کردی جائے جو عربوں کی سرزمین پر جائیںاور اپنے نام نہاد قومی وطن کی دلیل کے تحت وہاں قیام پذیر ہو جائیں-

میں عرب قائدین کو ایک انتباہ کرسکتا ہوں کہ اگر وہ مجوزہ گول میز کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کر لیں تو وہ اپنی پسند کے نمائندے بھیجیں جو عربوں کے اعتماد اور احترام کے حامل ہوں اور یہ دیکھیں کہ کانفرنس اس کہانی کا روپ نہ دھار لے جس میں ایک بندر لڑاکا بلیوں کے درمیان انصاف کرتا ہے-‘‘ (قائد اعظم دستاویزات، ایف ۱۰ صفحہ ۶۶ اور سٹار آف انڈیا،۱۲، نومبر ۱۹۳۸ء)

فلسطین کانفرنس کے بارے آپ نے مسٹر چمبر لین (وزیر اعظم برطانیہ) کو ٹیلی گرام بھیجا:-

بمبئی ۳۰، جنوری،۱۹۳۹ء کو آپ نے فرمایا کہ فلسطین کانفرنس کے پیشِ نظر جو ۷، فروری ۱۹۳۹ء کے لگ بھگ لندن میں منعقد ہوگی، میں نے مسٹر چمبر لین وزیر اعظم برطانیہ وزیرِ ہنداور مسٹر مالسکم میکڈانلڈ وزیر نو آبادیات کو حسبِ ذیل برقیہ (ٹیلی گرام) ارسال کیا ہے:

’’آل انڈیا مسلم لیگ برطانوی حکومت پر زور دیتی ہے کہ وہ مسلم لیگ کو فلسطین کانفرنس میں نمائندگی دے اور ’’فلسطین قومی عرب مطالبات‘‘ کو تسلیم کرے- مسلم ہند نہایت بے قراری کے ساتھ نتائج کا منتظر ہے- میں برقیہ کے ذریعہ سے سارے ہند میں پھیلے ہوئے جذبات کی شدت اور تاثرات کا کماحقہٗ اظہار نہیں کرسکتا- کانفرنس کی ناکامی کا سارے عالَمِ اسلام میں تباہ کن اثر ہوگا اور سنگین نتائج برآمد ہونگے- میں بھروسہ کرتا ہوں کہ آپ اس مخلصانہ اپیل پر سنجیدگی کے ساتھ غور کریں گے-‘‘ (دی سول اینڈ ملٹری گزٹ، یکم فروری، ۱۹۳۹ء)

فلسطین کی صورتِ حال کے متعلق چرچل (وزیرِ اعظم برطانیہ) کے نام ٹیلی گرام:-

نئی دہلی، ۱۷ فروری ۱۹۴۴ء کو آپ نے فرمایا:-

’’بااثر حلقوں کی حمایت سے امریکی اور صہیونی پروپیگنڈا زبردست خوف اور خطرے کو جنم دیتا ہے- قرطاسِ ابیض (وائٹ پیپر) اور ان یقین دہانیوں سے کوئی انحراف جو وائسرائے لارڈ لنلتھگو نے ہِز میجسٹی کی حکومت کی جانب سے مسلم ہند کو کرائی تھیں عربوں کے ساتھ صریحی نا انصافی اور عہد شکنی کی جانب ایک اور قدم ہوگا- نہ صرف مسلم ہند بلکہ پورا عالَمِ اسلام اس کے خلاف اظہارِ ناراضی کرے گا-‘‘ (دی ڈان، ۱۸، فروری،۱۹۴۴ء ، ہمارے نامہ نگار خصوصی سے)

فلسطین کے بارے ایک اخباری بیان میں حکومتِ برطانیہ کو دو ٹوک الفاظ میں تنبیہ :-

۲۵ مئی ۱۹۴۵ء ماتھیران میں ایک اخباری بیان میں فرمایا:-

’’اگر برطانیہ اپنے عہد و پیمان سے منحرف ہوا، جو عربوں کے ساتھ صرف انصاف کے ذیل میں آتا ہے تو یہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے گہرے محسوسات اور نظریات کے خلاف ہوگا اور یہ مسلمانانِ ہند کے ساتھ کیے جانے والے ان وعدوں کے بھی خلاف ہوگا جن کے تحت جنگ جاری رکھنے کے لیے مسلمانوں کی ہمدردی اور اعانت حاصل کی گئی-

ڈاکٹر ڈالٹن ، اگر ان کے پاس ضمیر نام کی کوئی چیز ہے، کس طرح ایسی مہیب اور دہشت ناک حکمتِ عملی کا اعلان کرسکتے ہیں جسے وہ اخلاقیات کے کسی اصول، سیاست کے، انصاف اور عدل سے ہم آہنگ کسی نظریے یا برطانیہ کے وقار کے مطابق کہہ سکیں، انتخاب میں یہودیوں کے ووٹ حاصل کرنے کی ضمن میں یہ بہت خطرناک کھیل ہے- یقینی طورپر یہ دنیائے اسلام کو مضطرب اور ان کے دلوں میں منافرت پیدا کردے گا اور تباہ کن نتائج پر مبنی ہوگا-

مجھے یہ بھی امید ہے کہ مسٹر چرچل کی حکومت اور برطانیہ کے عوام فلسطین کے عربوں سے بے وفائی نہیں کریں گے یا مسلمانان ہند کے ساتھ کیے ہوئے وعدوں کو توڑنے میں فریق نہیں بنیں گے-‘‘ (ڈان،۲۷، مئی، ۱۹۴۵ء)

فلسطین میں عرب کاز کی ہندی مسلمانوں کی حمایت کا برسرِ عام تذکرہ  فرمایا:-

نئی دہلی، ۲۳ جنوری، ۱۹۴۶ء

’’اگر برطانیہ کی جانب سے فلسطین کے متعلق قرطاسِ ابیض (وائیٹ پیپر) میں اعلان کردہ حکمت عملی سے انحراف ہوا تو مسلمانانِ ہند خاموش تماشائی بنے نہیں رہ سکتے- وہ (اِسلامیانِ ہِند) ہر ممکن طریقے سے عربوں کی حمایت کریں گے-‘‘ (دی ڈان، ۲۴، جنوری،۱۹۴۶ء)

آل انڈیا مسلم لیگ کونسل سے خِطاب : -

۱۰، اپریل، ۱۹۴۶ء میں دِہلی میں آل انڈیا مسلم لیگ کونسل نے ایک اجلاس منعقد کیا - اپنے تین گھنٹے کے اِجلاس میں دیگر قرار دادوں کے ساتھ ساتھ فلسطین اور انڈونیشیا کی جد و جہدِ آزادی کے حق میں بھی قرار داد منظور کیں-

آپ نے فلسطین کے مسئلہ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا :

 ’’ جِس دِن سے برطانیہ کو فلسطین کا انتداب (مینڈیٹ) دیا گیا ہے یہ ایک ایسی تاریخ بن گئی ہے جو تاریک تر ہوتی جا رہی ہے- ‘‘

پھر آپ نے اِس بات کی مُذمَّت کی کہ

’’ برطانیہ جیسی عظیم طاقت بھی امریکی یہُود کے دباؤ میں آگئی ہے ‘‘- ( ڈان - ۱۱، اپریل، ۱۹۴۶ء )

۱۹۴۶ء  میں جب فلسطین پر اینگلو-امریکی کمیٹی کی رپورٹ آئی تو آپ نے فرمایا :-

نئی دہلی، یکم مئی، ۱۹۴۶ء

’’فلسطین کے بارے میں اینگلو-امریکی کمیٹی کی رپورٹ کی جو تلخیص آج کے اخبارات میں شائع ہوئی اس کے ضمن میں اتنا ہی کہہ سکتا ہوں کہ عربوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں اور معاہدوں سے بد ترین قسم کی بے وفائی کی گئی ہے اور میرے لیے ایک دھچکا خیز صدمہ ہے- اگر ان خوفناک سفارشات کو جامۂ عمل پہنایا گیا تو عرب اور عالمِ اسلام اسے سرنگوں ہو کر قبول نہیں کرے گا-‘‘ (دستاویزات قائد اعظم فائل۸۱۰، صفحہ ۲)

یونائٹیڈ پریس سے ملاقات میں مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے چند اقدامات کا تذکرہ فرمایا:-

بمبئی ، ۳۰، جولائی، ۱۹۴۶ء

’’مسٹر محمد علی جناح صدر آل انڈیا مسلم لیگ نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے سلسلے میں پہلا قدم یہ ہوگا کہ فلسطین سے اینگلو-امریکی اثر و رسوخ واپس ہوجائے اور اس امر پر زور دیا کہ نہ صرف یہودیوں کی فلسطین میں آمد کو ختم کردیا جائے بلکہ جو یہودی پہلے سے فلسطین میں موجود ہیں ان کی آباد کاری کا بھی آسٹریلیا، کینیڈا یا کسی ایسے ملک میں اہتمام کیا جائے جہاں ان کی گنجائش ہو یا پھر ایک دن ایسا آئے گا کہ ان کی قسمت اس سے بھی زیادہ خراب ہوگی جیسی کہ ہٹلر کے تحت تھی- یہ بالکل واضح ہے کہ یہودی، امریکہ اور انگلستان کی امداد سے فلسطین کو دوبارہ فتح کرنا چاہتے ہیں-

یہودیوں کے ساتھ یہ بہت بڑا ظلم ہے کہ انہیں فلسطین میں دھکیلا جا رہا ہے-‘‘

یہ باتیں قائد اعظم نے مسٹر ارنسٹ سی - مارٹی، نامہ نگار یونائٹیڈ پریس امریکہ کے ساتھ خصوصی ملاقات کے دوران کہیں-

’’دیانت کا تقاضا تو یہ ہے کہ تبدیلی ٔ وطن کی خاطر یہودیوں کی فلسطین آمد ختم کردی جائے- تبدیلی وطن کے اصول اور اس دلیل کی بنیاد پر پانچ لاکھ یہودیوں کو پہلے ہی فلسطین میں داخلے کی اجازت دی جاچکی ہے- یہ تعداد عربوں کی آبادی کے ایک تہائی کے برابر ہے جسے کوئی ملک نہ گوارا کرے گا اور نہ کرسکتا ہے اور نہ ہی اس کی کوئی نظیر موجود ہے-‘‘

آپ نے امریکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ

’’نہ ان کا کوئی ضمیر ہے نہ انہیں عدل یا انصاف کا کوئی لحاظ- امر واقعہ یہ ہے کہ امریکی صیہونی ، امریکہ کو ناک سے پکڑ کر جدھر چاہتے ہیں لے جاتے ہیں-یہ حیرت انگیز بات ہے کہ قرنوں کی کشمکش کے بعد خود امریکیوں نے ہندیوں کے لئے حال ہی میں ۱۰۰ افراد سالانہ کا کوٹہ منظور کیا ہے-‘‘

پھر آپ نے تجویز پیش کی کہ

’’انگلستان اور امریکہ فلسطین سے نکل جائیںاور عربوں اور یہودیوں کو لڑ بھڑ کر اس مسئلے کو حل کرنے دیں-‘‘ (دی ڈان، ۳۱، جولائی،۱۹۴۶ء)

یہ ایک حقیقت ہے کہ اگر یہودیوں کی پشت پناہی میں امریکہ اور برطانیہ کا ہاتھ نہ ہوتا تو وہ کبھی اس حد تک نہ پہنچ سکتے تھے لیکن کیا کیا جائے کہ یہ دونوں بھی تو صیہونیت کے شکنجوں میں جکڑے جاچکے تھے- علامہ اقبال نے پہلے ہی آگاہ فرما دیا تھا کہ

’’فرنگ کی رگِ جاں پنجۂ یہود میں ہے!‘‘

قیامِ پاکستان کے ایک ماہ بعد قائد اعظم نے فلسطین کے مفتی اعظم امیر الحسینی کے نام خط میں تحریر کیا:-

’’پاکستان اور ہندوستان کے مسلمان عربوں کے قومی مقاصد کے حصول کے لیے دلی طور پر آپ کے ساتھ ہیں- ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ہر ممکن مدد کریں گے-‘‘  (پاکستان ٹائمز، ۱۳ ستمبر، ۱۹۴۷ء)

قائد اعظم کو بے دین اور سیکولر ثابت کرنے اور حصولِ پاکستان میں مذہب کے استعمال کا الزام لگانے والے حضرات کو اس طرف توجہ کی اشد ضرورت ہے کہ قیامِ پاکستان کے بعد بھی قائدِ اعظم نے مسئلہ فلسطین کو فراموش نہیں کیا بلکہ پُرجوش حمایت جاری رکھی اور دل کی گہرائیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور اس مسئلہ کو ایک عالَمی امن کا مسئلہ قرار دیا اسی لیے آپ نے ۸، دسمبر، ۱۹۴۷ء کو امریکی صدر ہیری ایس ٹرومین کو خط ارسال کر کے یہ مطالبہ کیا کہ ’’فلسطینی ریاست کو تقسیم نہ کیا جائے ورنہ تاریخ اقوامِ عالَم کو فلسطینیوں کے ساتھ کئے گئے کھلے جرائم پہ کبھی معاف نہیں کرے گی‘‘ -

 (Quid-i-Azam A Chronology, by Riaz Ahmad, Quid-i-Azam Acadimy Karachi, P.135)

قائد اعظم محمد علی جناح کی عالمگیر جدوجہد اور قائدانہ فکر کا نتیجہ تھا کہ پاکستان کی دستور ساز اسمبلی نے متفقہ قرار داد منظور کرکے اسرائیل کی ریاست کو تسلیم نہ کرنے کا مطالبہ کیا اور عالمی بد امنی کے خطرے کے پیشِ نظر اسرائیل کے اقوامِ متحدہ کا رُکن بننے کی مخالفت کی - پاکستان نے اقوامِ متحدہ میں اسرائیل کے خلاف ووٹ دے کر اس صیہونی ریاست کو تسلیم نہ کیا قائدِ اعظم کی اِس غیر مبہم ، واضح اور بایقین بصیرت کے پیشِ نظر فلسطینی قربانیوں سے عوامِ پاکستان کا تعلق پختہ تر و مضبوط تر ہے اور قائدِ اعظم کی کی ہوئی تربیّت اور دی ہوئی رہنمائی کی بدولت کسی حکمران کو آج تک یہ جرأت نہیں ہو سکی کہ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو کو تسلیم کرنے کا جرم کر سکے کیونکہ اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز طریقہ سے قابض طاقت ہے اسرائیل کو تسلیم کرنا ظلم کو حق تسلیم کرنے کے مترادف ہے ، اسرائیل کو تسلیم کرنا ناجائز طریقہ سے غاصب و قابض طاقت کو قانونی و اخلاقی جواز فراہم کرنا ہے ، اسرائیل کو تسلیم کرنا معصوم اور بے گناہ فلسطینیوں کی موت کے پروانے پہ دستخط کرنے کے مترادف ہے - اِس طرح کے بین الاقوامی مسائل کے پیشِ نظر قائدِ اعظم عالَمِ اسلام کی مسلم ریاستوں کا ایک بلاک قائم کرنا چاہتے تھے تاکہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے دشمنوںکے عزائم کا مقابلہ اتحاد کے ساتھ کرسکیں-آپ نے عالَمِ اسلام سے مخاطب ہوکر کہا :

’’میں تمام مسلمان ملکوں کو دوستی اور خوشگوار تعلقات کا پیغام دیتا ہوں- ہم سب مشکل حالات سے گذر رہے ہیں- فلسطین، انڈونیشیا اور کشمیر میں طاقت کا جو ڈرامہ رچایا جارہا ہے اس سے سب کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں- ہم آپس میں متحد ہوکر ہی دنیا میں اپنی آواز کو بااثر بنا سکتے سکتے ہیں-‘‘ (دی پاکستان ٹائمز، ۸، اگست ، ۱۹۴۸ء)

انشاء اللہ وہ وقت قریب ہے کہ ہم اپنے ’’فائونڈنگ فادر‘‘ کی خواہشات کو پورا کریں گے اور اس پاکستان کو حقیقی طور پر قائدِ اعظم کا پاکستان بنائیں گے جو امتِ مسلمہ کی قیادت و راہنمائی کرے گا-

نہیں ہے نا اُمید اقبال اپنی کشتِ ویراں سے

ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی

****

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر